ریاست بھر کی طرح نیلم میں بھی یوم الحاق پاکستان قومی جوش وجذبہ کیساتھ منایاگیا۔مرکزی تقریب ڈسٹرکٹ کمپلیکس آٹھ مقام میں ڈپٹی کمشنر ندیم جنجوعہ کی صدارت میں منعقد ہوئی
نیلم(پی آئی ڈی)مورخہ 19 جولائی2025
ریاست بھر کی طرح نیلم میں بھی یوم الحاق پاکستان قومی جوش وجذبہ کیساتھ منایاگیا۔مرکزی تقریب ڈسٹرکٹ کمپلیکس آٹھ مقام میں ڈپٹی کمشنر ندیم جنجوعہ کی صدارت میں منعقد ہوئی۔اسسٹنٹ کمشنر چوہدری بشارت کی قیادت میں ریلی ڈسٹرکٹ کمپلیکس سے بن تل چوک تک نکالی گئی۔ شرکاء تقریب وریلی نے قومی وریاستی پرچم و بینرز اٹھا رکھے تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے یوم الحاق پاکستان کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 19 جولائی کی قرارداد کشمیریوں کی پاکستان سے غیر مشروط وابستگی اور لازوال محبت کی نشاندہی کرتی ہے۔ کشمیریوں نے 1947 میں پاس کی جانے والی اپنی اس تاریخی قرارداد کے ذریعے اپنا مستقبل مملکت خداداد پاکستان کیساتھ وابستہ کر رکھا ہے۔ کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی اور پاکستان کے ساتھ غیر متزلزل رشتے کا بنیادی حوالہ ہے۔19جولائی 1947کی قرارداد کشمیری مسلمانوں کے اس اجتماعی شعور، خواہش اور جذبے کی آئینہ دار ہے جس کے تحت انہوں نے اپنی سیاسی، تہذیبی اور مذہبی وابستگی کی بنیاد پر اپنے مستقبل کو مملکتِ پاکستان کے ساتھ وابستہ کرنے کا تاریخی فیصلہ کیا۔ کئی دہائیوں کے بھارتی جبر، فوجی محاصرے، انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں اور سازشی ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری قوم آج بھی اسی عہد پر قائم ہے۔ 19 جولائی کا دن اس ناقابلِ تردید حقیقت کی یاد دہانی ہے کہ کشمیریوں کا پاکستان کے ساتھ رشتہ کوئی وقتی یا سیاسی ضرورت نہیں بلکہ عقیدے، ثقافت، تاریخ اور قربانیوں کی بنیاد پر استوار ایک ناقابلِ تنسیخ رشتہ ہے۔ کشمیریوں نے اپنی یہ قرار داد پاکستان کے عملی طورپر معرض وجود میں آنے سے تقریبا ایک ماہ قبل19جولائی 1947 کو مسلم کانفرنسی زعماؤں نے منظور کی تھی۔ بعد ازاں جب 14اگست کو پاکستان بنا تو کشمیریوں نے بھر پور جشن منایا۔ 19جولائی کادن ایک ناقابل تردید حقیقت ہے کہ کشمیر جغرافیائی، تاریخی اور ثقافتی، تہذیبی و تمدنی طور پر ریاست پاکستان سے جڑا ہوا ہے جبکہ بھارت نے اس کے ایک بڑے حصے پر فوجی طاقت کے بل پر قبضہ جما رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی اور الحاق پاکستان کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں اور وہ اپنی منزل ضرور حاصل کر کے رہیں گے۔تقریب کے اختتام پر اسسٹنٹ کمشنر آٹھ مقام چوہدری بشارت کی قیادت میں ڈسٹرکٹ کمپلیکس سے شہداء بن تل چوک تک ایک ریلی نکالی جس میں سول سوسائٹی، طلباء اور سرکاری ملازمین نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔شرکاء ریلی پاکستان زندہ باد، کشمیر بنے گاپاکستان کے نعرے لگارہے تھے۔تقریب میں ایس پی خواجہ محمدصدیق، صدر پریس کلب جاوید اسداللہ، سیاسی وسماجی شخصیت عبدالشکور بانڈے، تحصیلدار آٹھمقام بلال فاتح، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر خواجہ منشا انجم سمیت صحافیوں اور سول سوسائٹی نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر ملک وملت کی سلامتی کے لیے دعائیں بھی مانگی گئیں۔
Comments are closed.