
سیالکوٹ (این این آئی)وزیر اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ میڈیا پر آٹا سپلائی سے متعلق منفی پروپیگنڈا چل رہا ہے،سندھ نے بروقت گندم کی خریداری نہیں کی، سندھ حکومت کی کوتاہی کے باعث ان کے ذخیرے میں کمی پیدا ہوئی،مافیا کا نیٹ ورک ختم کرنے کے لیے ہیلپ لائن قائم کی گئی ہے،یوٹیلیٹی اسٹورز پر بھی اگر سستی اشیاء موجود نہیں تو حکومت کو آگاہ کیا جائے،دیوانے کا خواب دیکھنے والے سن لیں حکومت اتحادیوں کے ساتھ 5 سال پورے کرے گی۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم کا وڑن عوامی مسائل کے حل کیلئے کام کرنا ہے، آٹے کے بحران سے متعلق منفی پروپیگنڈا چل رہا ہے، جس کی روک تھام بہت ضروری ہے۔ پنجاب میں 60 فیصد زیادہ گندم پیدا اور ذخیرہ ہوتی ہے، دیگر صوبوں کے عوام کی خوراک کی ضروریات کو پورا کرنا ہمارا فرض ہے، وزیراعظم نے4لاکھ ٹن گندم سندھ کو دینے کا حکم دیاجو اس اسٹاک سے ایک لاکھ ٹن گندم اٹھا چکا ہے، البتہ سندھ حکومت گندم کو آٹا ملز تک پہنچانے میں ناکام رہی ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پنجاب حکومت 814 فلور ملز کو 25 ہزار 390 ٹن گندم یومیہ فراہم کررہی ہے، آٹے کی رسائی کے لیے 368 سیل پوائنٹ اور 181 ٹرک اسٹیشن بنائے گئے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پنجاب بھر میں جہاں مہنگا آٹا بک رہا ہے وہاں حکومت نے کریک ڈائون کیا ہے، حکومت نے 6 اضلاع میں ذمے داروں کو معطل اور برطرف کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پورے پنجاب میں آٹا 805 روپے سے زیادہ فروخت نہیں ہو سکتا مافیا کا نیٹ ورک ختم کرنے کے لیے ہیلپ لائن قائم کی گئی ہے۔معاونِ خصوصی نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے میں گندم کی سپلائی کو تیز کرے۔ انہوںنے کہاکہ مافیا مارکیٹ سے عوام کی ضرورت کی اشیائے خورد و نوش اٹھا کر ذخیرہ کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوز اور منافع خور سن لیں کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ انہیں نہیں چھوڑیں گے، یوٹیلیٹی اسٹورز پر بھی اگر سستی اشیاء موجود نہیں تو حکومت کو آگاہ کیا جائے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ واویلہ کیا جا رہا ہے کہ حکومت اپنا وقت پورا نہیں کریگی، دیوانے کا خواب دیکھنے والے سن لیں حکومت اتحادیوں کے ساتھ 5 سال پورے کرے گی۔انہوں نے کہا کہ اس وقت عوامی خوش حالی کے لیے اتحادی اور حکومت ایک پیج پر ہیں، ایم کیو ایم سمیت تمام اتحادیوں سے بات جاری ہے اور اس حوالے سے جلد عوام کو خوش خبری دیں گے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کراچی کیلئے 162 ارب روپے کے معاشی پیکیج پر عمل درآمد شروع ہو چکا، پْرامن کراچی ملک کے معاشی اشاریوں کو مثبت بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ سندس فائونڈیشن کے ایک فوٹو شوٹ سے متعلق سوشل میڈیا پر منفی تبصرے کیے گئے، فیک نیوز انسانیت سے جْڑے مقاصد کو نقصان پہنچاتی ہے۔عمران خان کی معاونِ خصوصی نے کہا کہ عثمان بزدار محنتی، ملنسار اور درویش صفت انسان ہیں، انہیں ٹارگٹ کرنے والے عمران خان کو ٹارگٹ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ پنجاب میں مولا جٹ اور نوری نتھ کے عادی ہیں، عوام نے پنجاب میں حکمرانوں کی شکل میں سیاسی اداکار دیکھے ہیں۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ماضی میں حکومت نے الیکشن کے لیے اصل قیمتوں کو چھپایا، موجودہ حکومت نے جو چیز جس قیمت میں ہے اسی قیمت میں مارکیٹ میں پیش کی۔انہوںنے کہاکہ سیالکوٹ علامہ اقبال کے شاہینوں کا شہر ہے،تنظیمیں عوام کیلئے تازہ ہوا کا جھونکا بنتی ہیں،پاکستان تحریک انصاف کی تمام تنظیمیں عوام کو ریلیف کیلئے کام کر رہی ہیں۔



