انسانیت ہی وہ مشترکات ہے جو دنیابھر کے انسانوں کو متحد کرتی ہے، اسلیے انسانی ہمدردی دنیا کو سرحدوں اور دیگر رکاوٹوں سے پاک کرتی ہے گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل
کوئٹہ 18 جولائی: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ انسانیت ہی وہ مشترکات ہے جو دنیابھر کے انسانوں کو متحد کرتی ہے، اسلیے انسانی ہمدردی سرحدوں اور دیگر رکاوٹوں کو عبور کرتی ہے۔ ہم انسانیت کی خدمت کے حوالے سے آفاقی اصولوں پر یقین رکھتے ہیں۔ ہمارا مقصد بلوچستان کی قلیل مگر منتشر آبادی کو براہ راست صحت، تعلیم اور صاف پانی کی سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچانا ہے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں تعینات میڈیسنز سانز فرنٹیئرز (MSF) کے کنٹری ڈائریکٹر Mr. Xu Weilbing گورنر ہاؤس کوئٹہ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہم غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والوں تک پہنچنے کے لیے حکومتی اقدامات کو بڑھانے اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ شراکت داری کو فروغ دینے کے خواہشمند ہیں۔ صوبے کی بکھری ہوئی آبادی کو بنیادی سہولیات کے چیلنجوں کے پیش نظر، ہمیں انٹرنیشنل آرگنائزیشنز اور انسانیت کے خدمتگاروں کی معاونت اور رہنمائی کی اشد ضرورت ہے. گورنر مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان کے تناظر میں تعلیم ہماری کوششوں کا سنگ بنیاد ہوگی جو بلوچستان کے لوگوں کو اپنے اور اپنی برادریوں کے روشن مستقبل کی تعمیر کیلئے رہنمائی فراہم کریگی۔ گورنر بلوچستان نے ضلع چمن اور کچلاگ میں مقامی آبادی کے ساتھ ساتھ افغان ریفیوجیز کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے اہم ایس ایف کی خدمات کو سراہا. دونوں حکومتی اقدامات اور انٹرنیشنل اداروں کے تعاون سے ہم بلوچستان کے لوگوں کی زندگیوں میں تعمیری تبدیلیاں لا سکتے ہیں۔

