لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز (لوامز) اوتھل کا پانچواں کانووکیشن 16 جنوری کو یونیورسٹی کے مین کیمپس میں نہایت شاندار، منظم اور پروقار انداز میں منعقد ہوا

32

اوتھل( رپورٹ-عزیز یوسفزئی) لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز (لوامز) اوتھل کا پانچواں کانووکیشن 16 جنوری کو یونیورسٹی کے مین کیمپس میں نہایت شاندار، منظم اور پروقار انداز میں منعقد ہوا۔ تقریب میں تعلیمی، انتظامی، سیاسی اور سماجی شخصیات کے علاوہ فارغ التحصیل طلبا و طالبات اور ان کے والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کانووکیشن کی تقریب کے مہمان خصوصی گورنر بلوچستان و چانسلر لوامز شیخ جعفر خان مندوخیل تھے، جبکہ تقریب کی صدارت وائس چانسلر لسبیلہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عبدالمالک ترین نے کی۔

 

اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی، پارلیمانی سیکریٹری برائے قانون، سیاحت و ثقافت میر زرین خان مگسی، سیکریٹری کالجز، ہائر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن صالح محمد بلوچ، پرو وائس چانسلر الہیٰ بخش مرغزانی، رجسٹرار ڈاکٹر بالاچ رشید، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر عبدالخالق انگاریہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لسبیلہ سراج احمد بلوچ، چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل لسبیلہ سردار عبدالرشید پھورائی، سابق وائس چیئرمین قادر بخش جاموٹ، فیکلٹی ممبران، انتظامی افسران اور علاقائی معززین بھی موجود تھے۔کانووکیشن کے دوران مختلف فیکلٹیز سے تعلق رکھنے والے 400 سے زائد طلبا و طالبات کو ان کی تعلیمی کامیابی پر ڈگریاں تفویض کی گئیں۔ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا و طالبات میں مین کیمپس کے 46، ڈیرہ مراد جمالی کیمپس کے 10 اور وڈھ کیمپس کے 4 طلبا و طالبات کو گولڈ میڈلز سے نوازا گیا۔

 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ تعلیم قوموں کی ترقی، خود کفالت اور خوشحالی کی ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم حاصل کرکے بلوچستان اور پاکستان کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ گورنر بلوچستان نے لسبیلہ یونیورسٹی کی تعلیمی و تحقیقی خدمات کو سراہتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کرنے والے ہر طالب علم کے لیے فی کس ایک لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان بھی کیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالمالک ترین نے اپنے خطاب میں کہا کہ لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز خطے میں اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے فروغ کے لیے نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔

 

انہوں نے بتایا کہ اس وقت یونیورسٹی میں سات فیکلٹیز قائم ہیں، جن کے تحت چوالیس مختلف ڈیپارٹمنٹس میں انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ سطح پر ڈگری پروگرامز پیش کیے جا رہے ہیں۔ وائس چانسلر کے مطابق لوامز زراعت، واٹر ریسورسز، میرین سائنسز، انجینئرنگ، سوشل سائنسز، تعلیم اور دیگر اہم شعبہ جات میں معیاری تعلیم فراہم کر رہی ہے، جو نہ صرف طلبا کے روشن مستقبل بلکہ صوبے کی معاشی و سماجی ترقی کے لیے بھی نہایت اہم ہے۔

 

صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی اور پارلیمانی سیکریٹری میر زرین خان مگسی نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لسبیلہ یونیورسٹی کی مجموعی تعلیمی کارکردگی کو سراہا اور فارغ التحصیل طلبا و طالبات کو محنت، لگن، دیانت داری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ آگے بڑھنے کی تلقین کی۔ آخر میں مہمان خصوصی اور دیگر معززین نے پوزیشن ہولڈر طلبا و طالبات میں اسناد اور گولڈ میڈلز تقسیم کیے۔

Comments are closed.