بلوچستان

معاشرہ میں پیسے بٹورنے کا ہوس اس حد تک بڑھ چکا ہے کہ لوگ اکثر حلال اور حرام کی تمیز کو نظرانداز کر دیتے ہیں گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل

کوئٹہ، 13 جولائی: گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہمارے معاشرہ میں پیسے بٹورنے کا ہوس اس حد تک بڑھ چکا ہے کہ لوگ اکثر حلال اور حرام کی تمیز کو نظرانداز کر دیتے ہیں۔ بیگانگی، مفاد پرستی اور موقع پرستی عام ہو چکی ہے جو ہماری قومی ترقی و خوشحالی کیلئے نئے خدشات اور خطرات پیدا کر رہی ہیں۔ ہمارا پورا نظام مفاد پرستی کا شکار ہے. لوگ صرف ذاتی ایجنڈے اور گروہی مطالبات منوانے کی خاطر سرکاری حکام اور ارکان پارلیمنٹ تک رسائی حاصل کرتے ہیں۔ دوسری طرف ہمارے بعض پڑھے لکھے جب افراد اپنے ذاتی مفاد کی خاطر قومی مفادات داو پر لگاتے ہیں تو اس پر افسوس ہی کیا جا سکتا ہے. اس کے علاوہ ہمارے پی ایچ ڈی اسکالرز، سوشل سائنٹسٹ اور ریسرچرز اکثر خاموش رہتے ہیں، اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے تجاویز و رہنمائی فراہم نہیں کرتے اور اپنے علم کو زیادہ سے زیادہ ملک و قوم کے بہترین مفاد کیلئے بروئے کار لانے کیلئے سامنے نہیں آتے. وقت کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی شاندار قومی اقدار و روایات کو اختیار کریں اور قومی فلاح و بہبود کو ترجیح دیں۔ گورنر نے معاشرے کے تمام روشنفکر اشخاص اور عوام دوست نمائندوں پر زور دیا کہ وہ اس بیگانگی اور فکری جمود  کو چیلنج کرنے کیلئے بےلوث سماجی و سیاسی خدمتگاروں میں شامل ہو جائیں اور ایک ایسے صحتمند معاشرے کی تعمیر کریں جسمیں اجتماعیت، میرٹ، محنت اور لگن کا صلہ ملے۔ ہم ذاتی مفادات سے بالاتر خدمت خلق کے جذبے سے سرشار ہو کر بیگانگی اور خود غرضی پر قابو پاسکتے ہیں اور اپنائیت کا گہرا احساس پیدا کر سکتے ہیں

Related Articles

Back to top button