پاکستان اور ترکیہ کا دوطرفہ تجارت 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اعادہ
پاکستان اور ترکیہ نے دوطرفہ تجارت کا حجم 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
ترکیہ کے سفیر عرفان نیزی اوغلو نے وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی سے ملاقات کی، جس میں تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان میں ترک سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے خصوصی اقتصادی زونز میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھانے پر زور دیا گیا جبکہ دونوں ممالک نے مضبوط سیاسی روابط کو عملی معاشی تعاون میں تبدیل کرنے پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 میں ترک کمپنیوں کی شرکت کو سراہا گیا۔ ترک کمپنیوں کی پاکستان میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری میں دلچسپی کا بھی خیرمقدم کیا گیا۔
وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان بحری امور اور شپ بریکنگ کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
ملاقات میں تجارتی معاہدے میں توسیع کے لیے کوششیں تیز کرنے اور دوطرفہ تجارت بڑھانے کے لیے قابل عمل اہداف مقرر کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں ممالک نے سٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے لیے مذاکرات جاری رکھنے اور پاکستان میں ترک سرمایہ کاروں کے لیے نئے مواقع تلاش کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔
