صحافیوں کی تنخواہوں کے مسئلہ کے حل کے لیے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر آواز اٹھ رہی ہے ، فردوس عاشق اعوان
اسلام آباد (این این آئی)معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ صحافیوں کی تنخواہوں کے مسئلہ کے حل کے لیے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر آواز اٹھ رہی ہے ،وزارت اطلاعات کے پاس اتھارٹی نہیں کہ طاقت کے زور پر تنخواہیں ادا کرائیں ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ ہم نے پہلے بھی قانونی اتھارٹی نہ ہونے کے باوجود اختیار استعمال کیا،جو ادارے تنخواہ نہیں دیتے ان کے حوالے سے قانون ہونا چاہیے ۔ انہوںنے کہاکہ میڈیا مالکان کے بقایا جات ہیں لیکن تنخواہیں ادا نہ کرنے کا یہ بہانہ درست نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ میڈیا کا پچاسی فیصد ریونیو پرائیویٹ سیکٹر سے آتا ہے اس سے کیوں تنخواہ ادا نہیں کی جاتی ،نئی ایڈورٹائزنگ پالیسی میں تنخواہوں کی ادائیگی کو اشتہارات کی ادائیگیوں سے مشروط کر رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ جو ادارہ تنخواہ نہیں دیگا اس کو ادائیگی کا چیک نہیں ملے گا۔