پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کے کسانوں کے لیے تاریخی سپورٹ پروگرام کا افتتاح کیا
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
لاڑکانہ، 10 نومبر 2025
لاڑکانہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت سندھ کے 2025 کے گندم کسان سپورٹ پروگرام کا افتتاح کیا، جس کے تحت بینظیر ہاری کارڈ کے ذریعے ڈی اے پی اور یوریا کی خریداری کے لیے نقد رقوم براہِ راست منتقل کی جائیں گی۔ یہ ملک میں اپنی نوعیت کا پہلا جامع پروگرام ہے۔
چیئرمین پی پی پی نے کہا، “کسان خوشحال ہوگا تو ملک خوشحال ہوگا۔ ہمارا مقصد یہ ہے کہ چھوٹے اور درمیانے کسانوں پر ڈی اے پی اور یوریا کی خریداری کا بوجھ نہ پڑے۔” انہوں نے کہا کہ ایک سے پچیس ایکڑ زمین رکھنے والے کسانوں کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے زرعی معیشت میں درپیش مشکلات اور ملک بھر کے کسانوں کے مسائل پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم میاں شہباز شریف کے اقدامات کو سراہا، جن میں موسمیاتی و زرعی ایمرجنسی کا نفاذ اور سیلاب زدہ علاقوں میں بجلی کے بلز کی معافی شامل ہیں۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آئینی ترامیم اور 27 ویں ترمیم پر بھی روشنی ڈالی، جس کے تحت ملک کی آئینی عدالت میں تمام صوبوں کو برابر نمائندگی حاصل ہوگی۔ انہوں نے لاڑکانہ کی عوام کے تاریخی کردار اور پیپلز پارٹی کی جدوجہد کو اجاگر کیا، جو قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے آئین کی بحالی کے لیے جاری رہی۔
اس موقع پر پی پی پی سندھ کے صدر نثار احمد کھڑو، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر برائے زراعت سردار محمد بخش خان مہر، سابق وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ، صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی اور پارٹی عہدیداران بھی موجود تھے۔
Comments are closed.