پاکستان خطے میں کشیدگی کم کروانے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کیلئے پر عزم ہے،شاہ محمود قریشی
اسلام آباد(این این آئی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کروانے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کیلئے پر عزم ہے۔ترجما ن دفتر خارجہ کے مطابق
پاکستان میں تعینات نئے ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے انکے چیمبر پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی ۔ملاقات
میں ایران امریکہ کشیدگی اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بطور سفیر پاکستان تعیناتی پرسید محمد علی حسینی کو مبارکباد دی اور خوش آمدید کہا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین دیرینہ تاریخی، مذہبی و کثیرالجہتی برادرانہ تعلقات ہیں۔مجھے توقع ہے کہ آپ جیسے منجھے ہوئے سفارتکار کی تعیناتی سے پاک ایران دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کسی کے مفاد نہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کروانے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کیلئے پر عزم ہے، خطے کے مختلف وزرائے خارجہ سے رابطے میں ہوں۔وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر جلد ایران سمیت اہم بیرونی دوروں پر روانہ ہو رہا ہوں۔ایرانی سفیر محمد علی حسینی نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ،پاک ایران دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کیلئے اپنی بھرپور کاوشیں بروئے کار لانے کا یقین دلایا۔