بات چیت کے ذریعے ہنگامی حالات پر فوری قابو پایا جائے،عراقی کردستان
بغداد(این این آئی)عراق میں کردستان ریجن کے صدر، وزیراعظم اور پارلیمنٹ کے اسپیکر کے درمیان ملاقات میں عراق اور کردستان کے مختلف علاقوں میں ایرانی میزائل حملوں کا معاملہ زیر بحث آیاہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس ملاقات کے بعد جاری بیان میں تینوں شخصیات کی جانب سے یہ باور کرایا گیا کہ کردستان ریجن تنازعات کا میدان نہیں بننے دیا جائے گا۔ بیان میں زور دیا گیا کہ بات چیت کے ذریعے ہنگامی حالات پر فوری قابو پایا جائے۔ملاقات کے دوران کردستان کے صدر، وزیراعظم اور پارلیمنٹ کے اسپیکر تینوں نے عراق میں فوجی اڈوں پر موجود امریکا کے زیر قیادت فورسز پر ایران کی جانب سے میزائل حملوں کے کے بعد کشیدگی میں اضافے پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔کردستان کے سربراہان نے ایک بیان میں کہا کہ کردستان ریجن صورت حال کے تناؤ میں کمی کو سپورٹ کرتا ہے اور بات چیت کے ذریعے مسائل کے سفارتی حل کے لیے کوشاں ہے۔ ساتھ ہی تمام فریقوں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ کردستان ریجن کو تنازعات کے درمیان گھسیٹ کر نہ لائیں۔