یومِ اقبال پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا پیغام — نوجوانوں سے خودی، اتحاد و نظم و ضبط کے اقبالؒی فلسفے کو اپنانے کی اپیل
📰 عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد، 8 نومبر 2025:
وفاقی وزیر اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے یومِ اقبال کے موقع پر اپنے پیغام میں علامہ محمد اقبالؒ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقبالؒ برصغیر کے مسلمانوں کے وہ رہنمائے فکر و نظر تھے جنہوں نے غلامی کے اندھیروں میں آزادی کی شمع روشن کی۔
انہوں نے کہا کہ اقبالؒ کے افکارِ خودی، یقین، عمل اور امید آج بھی ہمیں ترقی اور خود اعتمادی کا درس دیتے ہیں۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ آج کے دور میں فلسفۂ خودی اور تعمیرِ ملت کے پیغام کو نئے عزم کے ساتھ اپنانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ قائد محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان اقبالؒ کے خواب کی تعبیر بن کر ترقی و استحکام کی راہ پر گامزن ہے۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ نوجوان اقبالؒ کا حقیقی سرمایہ ہیں، جنہیں علم، کردار اور محنت کے ذریعے ملک کو مضبوط بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اقبالؒ کا پیغام وقت سے ماورا اور ابدی ہے، جو آج بھی ہمیں اتحاد، یقین اور نظم و ضبط کی دعوت دیتا ہے۔
آخر میں انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ شاعرِ مشرق کے افکار کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنائیں تاکہ پاکستان ترقی، خوشحالی اور امن کا گہوارہ بن سکے۔
Comments are closed.