پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس — ایم پی او اور دفعہ 144 پر تفصیلی غور

18

پشاور، 8 نومبر 2025 — وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں 3 ایم پی او، 16 ایم پی او اور دفعہ 144 کے نفاذ اور اثرات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر قانون کے مثبت اور منفی پہلو ہوتے ہیں، تاہم یہ بات یقینی بنائی جائے گی کہ کسی بھی قانون کو سیاسی دباؤ یا انتقامی کارروائی کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار رائے اور پرامن احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے، لیکن حکومت اس بات پر بھی یقین رکھتی ہے کہ احتجاج کے دوران عوام کی روزمرہ زندگی متاثر نہ ہو۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ احتجاج کے حق اور عوامی سہولت میں توازن کے لیے ایک نیا لائحہ عمل تیار کیا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہو۔

سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق قوانین کو بہتر بنایا جائے گا، تاکہ ان کا مقصد صرف عوامی فلاح و بہبود ہو۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیر قانون آفتاب عالم کی زیر نگرانی چار رکنی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو مجوزہ قوانین میں اصلاحات کی سفارشات پیش کرے گی۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ سیاسی وکٹمائزیشن کے امکانات والے نکات کو قوانین سے خارج کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ہے، جو ہمیشہ اولین ترجیح رہے گی۔

اجلاس میں وزیر قانون آفتاب عالم، چیف سیکرٹری، سیکرٹری ہوم اور ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے شرکت کی۔

Comments are closed.