تعمیر نو پبلک ہائی سکول کوئٹہ کا طالب علم زریان احمد صوبہ بھر میں چوتھی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب
کوئٹہ 8جولائی:۔بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کوئٹہ کے تحت منعقدہ ایس ایس سی سالانہ امتحانات 2025ء کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس سال صوبہ بھر کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔تعمیر نو پبلک ہائی سکول کوئٹہ کے ہونہار طالب علم زریان احمد ولد عبد الفتاح نے اپنی محنت اور اساتذہ کی رہنمائی سے صوبہ بھر میں چوتھی پوزیشن حاصل کر کے ادارے اور والدین کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ انہوں نے مجموعی طور پر 1038 نمبر حاصل کیے۔تعمیر نو پبلک ہائی سکول کے پرنسپل اور اساتذہ نے اس کامیابی پر زریان احمد کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ کامیابی نہ صرف ادارے بلکہ پورے شہر کے لیے باعث فخر ہے۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ زریان احمد کی طرح لگن اور محنت سے تعلیم حاصل کریں تاکہ مستقبل میں مزید کامیابیاں حاصل کی جا سکیں۔
پریس ریلیز
تکتو نیشنل پارک میں نایاب نسل کے سلیمانی مارخور کے غیر قانونی شکار پر فوری کارروائی، ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج، محکمانہ و قانونی کارروائی کا آغاز
کوئٹہ8 جولائی: محکمہ جنگلات و جنگلی حیات بلوچستان کی جانب سے تکتو نیشنل پارک میں نایاب اور قیمتی جنگلی جانور ”سلیمانی مارخور” کے غیر قانونی شکار کے واقعے پر فوری اور سخت ایکشن لیتے ہوئے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ یہ کارروائی سیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات فتح بھنگر اور چیف کنزرویٹر وائلڈ لائف شریف الدین بلوچ کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ڈپٹی کنزرویٹر وائلڈ لائف (DCW) تکتو نیشنل پارک، سید عطا الرحمٰن تارن کی نگرانی میں عمل میں لائی گئی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ملزمان کا تعلق کلی سارا غرگی، کوئٹہ سے ہے جو نایاب نسل کے سلیمانی مارخور کے غیر قانونی شکار میں ملوث تھے۔ شکار کے دوران نہ صرف شکار کے قوانین کی خلاف ورزی کی گئی بلکہ یہ افراد محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکاروں کو دھمکیاں دینے جیسے انتہائی قابل مذمت فعل میں بھی شریک پائے گئے۔ یہ امر بھی باعثِ تشویش ہے کہ ملزمان سرکاری ملازمین ہیں اور اس وقت کوئٹہ کینٹونمنٹ میں تعینات ہیں۔ محکمہ جنگلات و جنگلی حیات نے نہ صرف ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے بلکہ محکمانہ کارروائی کا باقاعدہ آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ بلوچستان وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ 2014 کے تحت باقاعدہ چالان تیار کیا جا رہا ہے جسے جلد ہی عدالت میں جمع کرایا جائے گا تاکہ ملزمان کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جا سکے۔ درج ایف آئی آر میں نامزد ملزمان میں روزی خان، کلیم اللہ، سیف اللہ اور گوہر خان شامل ہیں۔ محکمہ جنگلات و جنگلی حیات عوام سے پرزور اپیل کرتا ہے کہ وہ نایاب جنگلی حیات کے غیر قانونی شکار سے باز رہیں اور جنگلات و قدرتی ماحول کے تحفظ میں ادارے سے تعاون کریں۔ واضح رہے کہ محکمہ کے کسی بھی افسر یا فیلڈ اسٹاف کو ڈیوٹی کی ادائیگی سے روکنے، دھمکانے یا اس کے فرائض میں مداخلت کرنے کی صورت میں فوری طور پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور قانون شکنی برداشت نہیں کی جائے گی۔ محکمہ جنگلات و جنگلی حیات بلوچستان سلیمانی مارخور جیسے نایاب اور قومی ورثے کی حیثیت رکھنے والے جانوروں کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت سرگرم ہے اور اس بات کا اعادہ کرتا ہے کہ قدرتی ماحول، حیاتیاتی تنوع اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے بلا امتیاز قانونی کارروائی جاری رکھی جائے گی۔ عوامی شراکت اور شعور ہی قدرتی ورثے کے تحفظ کی ضمانت ہے، اس لیے عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ غیر قانونی سرگرمیوں کی نشاندہی کریں اور ایک محفوظ، سرسبز بلوچستان کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں۔
Comments are closed.