پاکستانی پارلیمانی وفد کا باکو، آذربائیجان میں “اسان سروس” سینٹر کا دورہ

17

اسلام آباد؛ 8 جولائی 2025؛ آذربائیجان کے دارالحکومت باکو سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی قیادت میں آذربائیجان کا سرکاری دورہ کرنے والے پاکستان کے پارلیمانی وفد نے آج آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں قائم “اسان سروس” سینٹر کا دورہ کیا۔

دورے کے دوران وفد کو “اسان سروس” کے کام کے طریقہ کار اور اس ادارے کی وسیع تر سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی، جو آذربائیجان کے صدر کی سرپرستی میں قائم اسٹیٹ ایجنسی فار پبلک سروس اینڈ سوشل انوویشنز کے تحت کام کر رہا ہے۔

اس موقع پر وفد نے اس بات کو سراہا کہ صدر الہام علیئیف کی دانشمندانہ قیادت میں شروع کیے گئے “اسان سروس” اقدام نے شہریوں کو عوامی خدمات تک رسائی فراہم کرنے کے لیے جدید اور عوام دوست طریقہ کار کو فروغ دیا ہے۔

وفد کو بتایا گیا کہ “اسان سروس” ماڈل اب تک 20 سے زائد ممالک، بشمول پاکستان، کے ساتھ شیئر کیا جا چکا ہے اور مختلف بین الاقوامی اداروں نے اس کی عوامی خدمات کی شفاف، مؤثر اور جدید فراہمی کے نظام کو تسلیم کیا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے “اسان سروس” کے تصور اور اس کے مؤثر نفاذ کو سراہتے ہوئے ریاستی ایجنسی کی عوامی خدمت کے شعبے میں اصلاحات اور جدت کے فروغ میں قائدانہ کردار کی تعریف کی۔

اس دورے میں اراکین قومی اسمبلی ڈاکٹر مہیش کمار ملانی، عمیر خان نیازی، نذیر احمد بگھیو، محمد معین عامر پیرزادہ، صادق افتخار، چوہدری افتخار نذیر اور محمد افضل کھوکھر بھی شامل تھے۔

Comments are closed.