
ماسکو (این این آئی)ڈبلیو ٹی اے سینٹ پیٹرزبرگ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا گیارہواں ایڈیشن 10 فروری سے روس میں شروع ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق یہ ڈبلیو ٹی اے ٹور پر ڈبلیو ٹی اے پریمیر ٹورنامنٹ ہے۔ ٹورنامنٹ میں ویمنز سنگلز اور ویمنز ڈبلز کیٹگریز کے مقابلے ہونگے۔ یہ ٹورنامنٹ ہارڈ انڈور کورٹ پر کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ میں دنیائے ٹینس کی نامور کھلاڑی ایکشن میں نظر آئینگی۔ ڈبلیو ٹی اے ایونٹ میں ہالینڈ کی ٹینس سٹار کیکی برٹنز ویمنز سنگلز مقابلوں میں اپنے اعزاز کا دفاع کریں گی جبکہ ویمنز ڈبلز مقابلوں میں مارگریٹا گیسپریان اور اکاترینا مکا روا پر مشتمل روسی جوڑی ٹائٹل کے دفاع کے لئے پنجہ آزمائی کرے گی ۔ ٹورنامنٹ کے لئے 8 لاکھ 48 ہزار امریکی ڈالرز کی انعامی رقم مختص کی گئی ہے۔ 10 فروری سے شروع ہونے والا یہ اے ٹی پی ایونٹ 7 روز تک جاری رہنے کے بعد 16 فروری کو اختتام پذیر ہوگا۔




