
اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ لیگی رہنما سیاہ کو سفید نہیں کر سکتے،حمزہ شہباز کی ضمانت کا مطلب بریت نہیں،سچائی سے بھاگنے والوں کو بھاگنے نہیں دیں گے،عوام کو مزید گمراہ نہیں کیا جاسکتا قوم کے سامنے سچائی آکر رہے گی۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ سچائی سے بھاگنے والوں کو بھاگنے نہیں دیں گے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ عوام کو مزید گمراہ نہیں کیا جاسکتا قوم کے سامنے سچائی آکر رہے گی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ احسن اقبال صاحب جیلوں میں قید دیگر قیدیوں کی بھی بیٹیاں ہیں۔ انہوںنے کہاکہ وہ سوال کر رہی ہیں کہ ان سے امتیازی سلوک کیوں ؟ ۔ معاون خصوصی نے کہاکہ قانون کو خواہشات کی بلی نہیں چڑھایا جا سکتا،ہرصورت قانون کی عملداری یقینی بنائیں گے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ محمد نوازشریف شدید بیماری کا بیان دے کر لندن گئے اور ابھی تک ہسپتال میں داخل نہیں ہوئے۔ انہوںنے کہاکہ ان کی میڈیکل رپورٹس نے بھی ’’قطری خط‘‘ کادرجہ حاصل کرلیا ہے، کہتے ہیں جب تک ہسپتال میں داخل نہیں ہوتے میڈیکل رپورٹس نہیں بھجواسکتے۔ انہوںنے کہاکہ ’شریفوں‘ نے قواعدوضوابط سے جو کھلواڑ کیا، اس کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ انہوںنے کہاکہ اب میاں صاحب کے ’’پلیٹ لیٹس‘‘ کی خبر کی بجائے لندن کے ریستوران سے پلیٹوں اور چمچوں کی کھنک سنائی دیتی ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ میڈیکل رپورٹ کے ساتھ مریض کا ’’مینیو کارڈ‘‘ بھی قوم کو بتایاجائے تاکہ قوم کو حقائق کا پتہ چل سکے۔



