وزیر اعلیٰ بلوچستان کی جانب سے نمایاں کارکردگی پر ڈپٹی کمشنرز کو حسنِ کارکردگی سرٹیفکیٹس کا اعزاز

کوئٹہ: 04 جولائی 2025
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سروس ڈلیوری اور مفاد عامہ کے امور میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمن اور ڈپٹی کمشنر چاغی عطاء المنعم کو "حسنِ کارکردگی سرٹیفکیٹ” سے نوازا ہے وزیر اعلیٰ نے دونوں افسران کی کارکردگی کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت، گڈ گورننس، اور ضلعی سطح پر سروس ڈلیوری میں بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ایسے افسران جو اپنی ذمہ داریوں کو خلوص، دیانت اور پیشہ ورانہ قابلیت سے ادا کرتے ہیں، وہ قابلِ ستائش ہیں اور حکومت ان کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں اچھی طرزِ حکمرانی کا قیام مضبوط اور فعال ضلعی انتظامیہ کے بغیر ممکن نہیں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے دیگر افسران کو بھی تلقین کی کہ وہ عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور میرٹ و شفافیت کو یقینی بنائیں وزیر اعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ تمام اضلاع کے افسران اپنی کارکردگی کو بہتر بناتے ہوئے عوامی مسائل کے حل میں سنجیدہ پیش رفت دکھائیں گے تاکہ صوبے میں ترقی و خوشحالی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔



