پاکستانتازہ ترین

نجی سرمایہ کاری اور مہارت سے قومی منصوبے بروقت مکمل کیے جا سکتے ہیں، احسن اقبال

3جولائی 2025

اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی (P3A) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 39واں اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر نے کہا کہ مالی مشکلات پر قابو پانے، منصوبے وقت پر مکمل کرنے اور عوام کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے نجی شعبے کی سرمایہ کاری، جدت اور انتظامی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ہمارے انفراسٹرکچر کی ترقی کی حکمت عملی کا اہم ستون ہے۔ ہم نجی سرمایہ اور مہارت کو بروئے کار لا کر منصوبوں کی رفتار تیز کر رہے ہیں، شفافیت اور پائیدار ترقی کو یقینی بنا رہے ہیں اور عوامی وسائل کا مؤثر استعمال کر رہے ہیں۔

اجلاس میں بورڈ نے کئی اہم منصوبوں کی منظوری دی جو نجی شعبے کے تعاون سے مکمل ہوں گے۔b ان میں اسلام آباد میں شہری پانی اور نکاسیٔ آب کے منصوبے کے لیے بین الاقوامی مالیاتی ادارے کو بطور مشیر مقرر کرنے کی منظوری شامل ہے، تاکہ تکنیکی طور پر مشکل اور ماحولیاتی لحاظ سے مضبوط منصوبے عالمی مہارت کے ساتھ مکمل کیے جا سکیں۔ یہ تقرری ڈائریکٹ کنٹریکٹنگ ریگولیشنز 2023 کے تحت عمل میں آئے گی۔

بورڈ نے 69 کلومیٹر طویل سیالکوٹ-کھاریاں موٹر وے کے نظرثانی شدہ تجارتی ڈھانچے کی بھی منظوری دی، جو وزارت خزانہ کی حتمی منظوری سے مشروط ہے۔ یہ منصوبہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (SIFC) کی ہدایت پر چھ رویہ شاہراہ میں اپ گریڈ کیا جا رہا ہے اور سیالکوٹ کو پنجاب کے وسطی علاقوں سے M-12 راہداری کے ذریعے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اس سے صنعتوں کی رسائی اور نقل و حرکت میں واضح بہتری آئے گی۔

اس کے علاوہ بورڈ نے کھاریاں سے راولپنڈی تک 117.6 کلومیٹر طویل چھ رویہ گرین فیلڈ موٹر وے کی بھی منظوری دی، جو “بلڈ-آپریٹ-ٹرانسفر” (BOT) ماڈل کے تحت تعمیر ہوگی۔ اس منصوبے پر تقریباً 202 ارب روپے لاگت آئے گی اور اس کے لیے 40 ارب روپے کی Viability Gap Funding تجویز کی گئی ہے۔ یہ منصوبہ بین الاقوامی مسابقتی بولی کے ذریعے حاصل کیا جائے گا اور اسے بھی SIFC کے ترجیحی منصوبوں میں شامل کیا گیا ہے۔ اس موٹر وے سے hb شمالی اور وسطی پنجاب کے درمیان سفر کا وقت کم ہوگا اور تجارتی و مسافرانہ آمد و رفت بہتر ہوگی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت اپنے وسیع تر معاشی اصلاحاتی اور ترقیاتی ایجنڈے کے تحت نجی شعبے کے تعاون سے ترجیحی منصوبے تیزی سے مکمل کرے گی۔

اجلاس میں وزارت منصوبہ بندی، وزارت خزانہ کے نمائندے، بورڈ کے نجی اراکین، P3A کے چیف ایگزیکٹو اور ان کی ٹیم کے علاوہ پلاننگ کمیشن کے اراکین، نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین بھی شریک ہوئے۔

Related Articles

Back to top button