
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی مرکزی کمیٹی کے سینئر رکن ڈاکٹر فاروق ستار نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سندھ حکومت نے کراچی کے شہریوں کو لُوٹنے کا نیا راستہ نکال لیا ہے، نمبر پلیٹس کے نام کراچی ٹریفک پولیس شہریوں سے بھتہ وصول کر رہی ہے،کراچی میں ٹریفک پولیس کی جانب سے کروڑوں روپے روزانہ رشوت لی جاتی ہے جو اوپر تک جاتی ہے،کراچی میں ٹریفک پولیس کی رشوت ستانی ایک صنعت کا درجہ اختیار کرچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان ٹریفک پولیس کو وردی کے نام پر کھلی بدمعاشی نہیں کرنے دے گی،کراچی ٹریفک پولیس ڈمپر مافیا کے ہاتھوں سینکڑوں شہریوں کی جان کو محفوظ نہیں بنا سکی،شہری گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنسے رہتے ہیں ان مسائل کو کوئی حل کرنے والا نہیں۔ڈاکٹر فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے کراچی کی سڑکیں موہنجوداڑو جیسی کردی ہیں اور چالان امریکہ جیسے لینے کی خواہش ہے،سندھ حکومت کراچی کے شہریوں سے ٹوٹی سڑکوں سے گزرنے کا حق بھی چھیننا چاہتی ہے،کراچی کے شہریوں کے صبر کا بند ٹوٹ گیا تو اُس سیلاب میں سب حکومتیں بہہ جائیں گی،حکومت سندھ اپنی ناقص حکمت عملی اور ظلم و ناانصافی کے سلسلوں کو بند کرے۔



