پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ میر لیاقت لہڑی نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر میں ٹریفک کے مسائل پر قابو پانے کیلئے تمام اداورں کو ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے

15

کوئٹہ 03جون2025: پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ میر لیاقت لہڑی نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر میں ٹریفک کے مسائل پر قابو پانے کیلئے تمام اداورں کو ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے. اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی،کوئٹہ شہر میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے شہر میں جاری سڑکوں کے ترقیاتی منصوبوں کو بروقت اور معیار کے مطابق مکمل کیا جائے، وزیراعلیٰ کو تجویز دیں گے کہ کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے 4پی ڈی تعینات کئے جائیں تاکہ کوئٹہ پیکج کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جاسکے۔یہ بات انہوں نے منگل کو ٹرانسپورٹ آپریشن کمیٹی کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ حیات کاکڑ، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو لعل جان جعفر، ڈی جی ٹریفک انجینئرنگ بیورو ڈاکٹر سجاد، ایس ایس پی ٹریفک شہزادہ عمر عباس، سیکرٹری آر ٹی اے محمد علی درانی، ڈائریکٹر فنانس ڈاکٹرشاہد، ڈپٹی ڈائریکٹر کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج محمد صابر، ڈائریکٹر کیوڈی ا ے عبدالغفور، ڈائریکٹر ٹریفک انجینئرنگ بیوروشکیل احمد، ڈپٹی سیکرٹری ٹرانسپورٹ عبدالرحیم اوردیگرنے شرکت کی۔ ڈی جی ٹریفک انجینئرنگ بیورو ڈاکٹر سجاد نے شرکاء کو تفصیلی طور پربریفنگ دی اور کوئٹہ شہر میں تجویز کردہ ترقیاتی کاموں کے بارے میں آگاہی دی اور کوئٹہ شہر کی ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کیلئے تجاویز پیش کیں اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ سیکرٹری محکمہ اربن پلاننگ اور سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو کو ٹرانسپورٹ آپریشن کمیٹی کا ممبر بنانے کی منظوری دی اجلاس کے شرکاء نے سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو کی تجویز برائے ڈبل روڈ، سرکلر روڈ،از جی پی او چوک تا پشین سٹاپ سے اتفاق کیا اوراسے ٹریفک انجینئرنگ بیورو کے جاری ترقیاتی کاموں میں شامل کرنے کی منظوری دی شرکاء نے ڈی جی ٹریفک انجینئرنگ بیورو کی تجویز سے بھی اتفاق کیا اور یہ فیصلہ کیا کہ سیرینا ہوٹل کی انتظامیہ سے درخواست کی جائے گی کہ وہ ہوٹل میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی سیکورٹی چیکنگ ہوتل کی حدود میں کریں تاکہ زرغون روڈپر ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔اجلاس کے شرکاء نے کمشنر،ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ ڈویژن کے لئے گئے نوپارکنگ اور ون وے فیصلوں کی توثیق کی ڈی جی ٹریفک انجینئرنگ نے شہر میں پارکنگ کے مسائل کو حل کرنے کیلئے مختلف مقامات پر عارضی پارکنگ اسٹیشنز بنانے کی تجویز دی جسے شرکاء کی طرف سے سراہاگیا اورہدایت دی کہ ان تجاویز کو ٹریفک پولیس اور کمشنر کوئٹہ کو بھیجی جائیں چیئرمین کمیٹی کی جانب سے تجویز کیا گیا کہ ٹریفک ا نجینئرنگ بیورو اور وزیراعلیٰ پیکج برائے کوئٹہ سٹی مشترکہ طورپر جائزہ لیں کہ سریاب روڈ پر مگسی چوک اور منیراحمد چوک وغیرہ پر انڈر پاس تعمیر کرنے کیلئے حکمت عملی بنائیں۔پارلیمانی سیکرٹری و چیئرمین کمیٹی میر لیاقت لہڑی نے ڈی جی ٹریفک انجینئرنگ کی طرف سے شہر کی ٹریفک کو بہتر کرنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی اوراس امید کا اظہار کیا کہ ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ،ٹریفک پولیس، کمشنر کوئٹہ اوردیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ ملکر کوئٹہ شہرکے ٹریفک مسائل پر قابو پالیں گے۔میرلیاقت لہڑی نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے مختلف چوکوں پر سگنلز کو فعال کیا جائے گا اورسڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں کو بروقت اور معیار کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کی مشکلات میں کمی آسکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی کوئٹہ شہر کی خوبصورتی اور ٹریفک کے مسائل حل کرنے میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں ہمیں چاہئے کہ انکے وژن کے مطابق کام کو یقینی بنائیں۔

Comments are closed.