کندہ کوٹ: گوشت مارکیٹ کی تباہ حالی، شہریوں کا فوری بحالی کا مطالبہ

23

کندہ کوٹ شہر کی مرکزی گوشت مارکیٹ، جو کبھی عوامی ضروریات کو پورا کرنے کا اہم مرکز تھی، طویل عرصے سے شدید بدحالی کا شکار ہے۔ مارکیٹ کی خستہ حالت کی وجہ سے شہری نہ صرف گوشت اور مچھلی کی خریداری میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں بلکہ شہر کے دیگر علاقوں میں رش اور ٹریفک کا دباؤ بھی بڑھ گیا ہے۔
شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ زیبون ہال کے قریب واقع اس مارکیٹ کی مرمت اور بحالی برسوں سے نظر انداز کی گئی ہے۔ دکانیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، صفائی کا نظام نہ ہونے کے برابر ہے اور بنیادی سہولیات موجود نہیں۔
شہریوں نے ضلعی انتظامیہ، ڈپٹی کمشنر کشمور اور میونسپل کمیٹی سے اپیل کی ہے کہ مارکیٹ کی فوری مرمت، دکانوں کی بحالی، صفائی، نکاسیٔ آب اور سیکیورٹی کے اقدامات کیے جائیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف سہولت میں اضافہ ہوگا بلکہ شہر کے دیگر علاقوں پر بوجھ بھی کم ہوگا اور بہتر بلدیاتی نظام کی عملی مثال قائم ہوگی۔

Comments are closed.