آرمی ایکٹ ترمیمی بل کو اسمبلی سے منظوری کے لیے پارلیمانی طریقہ کار کو اپنایا گیا ہے، فواد چوہدری
اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی ایکٹ ترمیمی بل کو اسمبلی سے منظوری کے لیے پارلیمانی طریقہ کار کو اپنایا گیا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہاکہ اسمبلی سے قانون کی منظوری کے لیے طریقہ کار کو اپنایا گیا ہے، طریقہ کار پر سیاسی جماعتوں کا اعتراض بھی دورکیا گیا ہے۔انھوں نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی سے ہمارا نظریہ بالکل مختلف ہے، تاہم کچھ معاملات ایسے ہیں جن پر اتفاق رائے ضروری ہوتی ہے، اہم قانون سازی میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل کیا گیا ہے، سال 2020 کی ابتدا اچھی ہوئی ہے، یہ بل سفارشات کے بعد اسمبلی میں آئے گا، امید ہے بل ہفتہ کو قومی اسمبلی سے منظور ہو جائے گا۔فواد چوہدری نے کہا کہ قومی اسمبلی میں تمام سیاسی جماعتوں نے متحد ہونے کا مظاہرہ کیا، مسلح افواج صرف پی ٹی آئی کا ادارہ نہیں بلکہ سب کا ہے، ان اداروں پر سیاست نہیں کر سکتے، نہ ہی برداشت کر سکتے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ امید ہے قومی اسمبلی میں آیندہ الیکشن کمیشن کا معاملہ بھی آئے گا، چیف الیکشن کمشنر پر ان ناموں پر فیصلہ نہ ہو سکا تو نئے نام آ جائیں گے، تقرری پارلیمنٹ ہی کرے گی۔ مستقبل میں آگے بڑھنے کی لیے ضروری ہے احتساب کا عمل شفاف ہو، پیر سے احتساب کے عمل پر سیاسی جماعتوں سے مشاورت شروع ہوگی۔