امریکہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم بند کرائے، پاکستانی سفیر اسد مجید خان کا مطالبہ
واشنگٹن (این این آئی)امریکا میں پاکستانی سفیر اسد مجید خان نے کہا ہے کہ امریکہ مقبوضہ کشمیر کے باسیوں پر جاری بھارتی مظالم بند کرائے۔امریکی اخبار میں ایک آرٹیکل میں پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ دنیا سال نو کا جشن منارہی ہے ، مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی جبر جھیل رہے ہیں۔اسد مجید خان نے کہا کہ پاکستان نے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے کئی تجاویز پیش کیں، امریکی کانگریس کے متعدد ارکان صورتحال کو سنگین انسانی بحران قرار دے چکے ہیں۔انہوںنے کہاکہ بھارت ’جعلی خبر‘ کی سائبر مہم کے ذریعے عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونک رہا ہے ، غیر ملکی مبصرین، صحافیوں، کانگریس اراکین کو بھی کشمیر میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی، کشمیر سے متعلق بھارت کی ساکھ پر کسی بھی طرح کا اعتماد غلط ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام 5 مہینوں سے محاصرے کی حالت میں زندگی گزار رہے ہیں، لاک ڈائون کے باعث کشمیری معیشت کو 2. 4 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا۔