آزاد صحافت ایک مضبوط، شفاف اور جمہوری پاکستان کی ضمانت ہے، باخبر اور ذمہ دار صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے ،وزیراعظم محمد شہباز شریف
اسلام آباد۔2نومبر :وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آزاد صحافت ایک مضبوط، شفاف اور جمہوری پاکستان کی ضمانت ہے،آزاد، باخبر اور ذمہ دار صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے،اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران ان کے خلاف تشدد، دھمکی یا انتقام پر مبنی جرائم دراصل آزادی اظہار پر حملہ ہیں۔اتوار کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سےصحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر جاری بیان میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ آج کا دن ہمیں اس حقیقت کی یاد دہانی کراتا ہے کہ آزاد، باخبر اور ذمہ دار صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے، صحافی حقائق تک عوام کی رسائی کو ممکن بناتے ہیں اور سچائی کے علمبردار ہوتے ہیں،اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران ان کے خلاف تشدد، دھمکی یا انتقام پر مبنی جرائم دراصل آزادی اظہار پر حملہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں اس موقع پر اُن تمام صحافیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے حق و سچ کی خاطر مشکلات برداشت کیں، اور اُن اہلِ قلم و میڈیا ورکرز کے اہلِ خانہ سے اظہارِ یکجہتی کرتا ہوں جنہوں نے اپنے پیاروں کو فرضِ منصبی کے دوران کھو دیا۔انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان آزادیِ صحافت کے تحفظ اور صحافیوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے،ہم ایسے تمام اقدامات کریں گے جن سے صحافیوں کے خلاف جرائم کی موثر تفتیش، انصاف کی فراہمی، اور ان جرائم کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ میں بین الاقوامی برادری، میڈیا اداروں اور سول سوسائٹی سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ وہ صحافیوں کے تحفظ اور اظہارِ رائے کی آزادی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ آزاد صحافت ایک مضبوط، شفاف اور جمہوری پاکستان کی ضمانت ہے
Comments are closed.