حب کو ماڈل سٹی بنانے کا عزم، میر علی حسن زہری کی زیر صدارت ترقیاتی منصوبوں پر اعلی سطحی اجلاس

17

 حب پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما، ترجمان صدر آصف علی زرداری و صوبائی وزیر زراعت میر علی حسن زہری کی زیر صدارت حب کے ترقیاتی منصوبوں اور ماسٹر پلان پر پیش رفت کے حوالے سے زہری فارم ہاس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر حب نثار احمد لانگو، ایس ایس پی حب سید فاضل بخاری، چیئرمین میونسپل کارپوریشن بابو فیض شیخ، وائس چیئرمین عظیم سیاں، ڈسٹرکٹ چیئرمین جاوید جمالی سمیت مختلف محکموں کے افسران، انجینئرنگ ٹیموں اور بلدیاتی نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں شرکا کو شہر میں جاری ترقیاتی کاموں، سڑکوں کی توسیع، نکاسی آب کے نظام کی بہتری اور شہری سہولیات کے فروغ سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ حکومت حب کو ایک منظم اور جدید شہر کے طور پر ترقی دینا چاہتی ہے، اور اسی مقصد کے تحت ماسٹر پلان پر تیزی سے کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے دوران عوام کو وقتی مشکلات کا سامنا ضرور ہے، لیکن منصوبوں کی تکمیل کے بعد حب کے شہریوں کو برسوں سے درکار بنیادی سہولیات میسر آئیں گی۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کی جائے، معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور عوامی رابطہ سیل قائم کیا جائے تاکہ مسائل فوری حل ہو سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی دلچسپی سے حب کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے خطیر فنڈز فراہم کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ “ہمارا مقصد حب کو بلوچستان کا ماڈل سٹی بنانا ہے جہاں تعلیم، صحت اور روزگار کی سہولیات عام شہریوں تک پہنچیں۔”بعد ازاں، میر علی حسن زہری نے مختلف عوامی وفود، قبائلی عمائدین اور سماجی نمائندوں سے ملاقاتیں کیں، ان کے مسائل سنے اور موقع پر ہی متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت حکومت کی اولین ترجیح ہے، کسی شکایت کے ازالے میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔شہریوں نے میر علی حسن زہری کے عوامی رویے اور فوری عملی اقدامات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

Comments are closed.