گوادر میں پانی کے بحران پر قابو پانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور اداروں کی مشترکہ کوششیں جاری

18

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

گوادر | 2 نومبر 2025ء

 حکومت بلوچستان کی ہدایت پر گوادر میں پانی کے بحران سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی مشترکہ کوششیں جاری ہیں۔ مختلف ذرائع سے ہنگامی بنیادوں پر شہر اور مضافاتی علاقوں کو پانی کی فراہمی کی جا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے شادی کور ڈیم سے 14 لاکھ 60 ہزار گیلن پانی پائپ لائن کے ذریعے ایئرپورٹ پمپنگ اسٹیشن تک پہنچایا جبکہ 104 واٹر باؤزرز کے ذریعے میرانی ڈیم سے 10 لاکھ 57 ہزار گیلن پانی فراہم کیا گیا۔
گوادر پورٹ اتھارٹی کے ڈیسالینیشن پلانٹ کے ذریعے 7 لاکھ 80 ہزار گیلن صاف پانی اولڈ ٹاؤن کے رہائشیوں کو فراہم کیا گیا۔ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (پی ایچ ای) کی جانب سے 22 باؤزرز کے ذریعے جیوانی شہر کو 2 لاکھ 7 ہزار 750 گیلن پانی فراہم کیا گیا۔ اسی طرح چیپ کلمتی، چب ریکانی، نگور اور قریبی علاقوں کو 26 باؤزر ٹرپس کے ذریعے 1 لاکھ 28 ہزار گیلن پانی دیا گیا۔
مزید برآں سنٹ سر سے پلیری پائپ لائن کے ذریعے 3 لاکھ 50 ہزار گیلن پانی پلیری، عبدالرحیم بازار، پیشکان اور پانوان کے علاقوں میں پہنچایا گیا۔ ضلعی انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پانی کی فراہمی کا عمل بلا تعطل جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام کو کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔

Comments are closed.