نصیرآباد: تھانہ باباکوٹ میں چوری و ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ، شہری عدم تحفظ کا شکار

24

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
نصیرآباد: پولیس تھانہ باباکوٹ کی حدود میں چوری، ڈکیتی اور موٹر سائیکل چھیننے کی وارداتیں تشویشناک حد تک بڑھتی جا رہی ہیں، جس کے باعث علاقے کے شریف شہری شدید خوف، بے چینی اور عدم تحفظ کا شکار ہو چکے ہیں۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ موجودہ ایس ایچ او کی تعیناتی کے بعد علاقے میں جرائم کی شرح میں واضح اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جبکہ جرائم پیشہ عناصر بلاخوف و خطر سرگرم نظر آتے ہیں۔ شہریوں کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر موٹر سائیکل چھیننے اور دیگر جرائم کی وارداتیں رپورٹ ہو رہی ہیں، تاہم پولیس کی جانب سے مؤثر کارروائی دکھائی نہیں دیتی۔
شہریوں نے شکایت کی ہے کہ متعدد واقعات کے باوجود پولیس کی عدم دلچسپی اور کمزور گشت کے باعث ملزمان کے حوصلے بلند ہو رہے ہیں، جس سے امن و امان کی مجموعی صورتحال مزید خراب ہو چکی ہے۔
عوامی حلقوں نے ایس ایس پی نصیرآباد اور ڈی آئی جی نصیرآباد سے مطالبہ کیا ہے کہ تھانہ باباکوٹ کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے، موجودہ ایس ایچ او کی کارکردگی کا غیرجانبدارانہ جائزہ لیا جائے اور علاقے میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

Comments are closed.