خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی ہری پور میں بڑی کارروائیاں، سیاحتی مقام مکھنیال کے معروف ہوٹلز پر چھاپے، زائد المیعاد اشیاء، ناقص صفائی اور غیر تربیت یافتہ عملہ بے نقاب
خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی ہری پور میں بڑی کارروائیاں، سیاحتی مقام مکھنیال کے معروف ہوٹلز پر چھاپے، زائد المیعاد اشیاء، ناقص صفائی اور غیر تربیت یافتہ عملہ بے نقاب
خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے ہری پور کے سیاحتی مقام مکھنیال میں بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے گزشتہ روز معروف ہوٹلوں پر چھاپے مارے، جہاں سے فوڈ سیفٹی کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ہری پور فوڈ سیفٹی ٹیم نے مکھنیال کے علاقے میں معروف ہوٹلوں کے معائنے کی اور ایک ہوٹل سے زائدالمیعاد سموسہ رولز برآمد ہوئے جبکہ اشیائے خورونوش کی پیکنگ میں اخباری کاغذ کا استعمال اور بغیر میڈیکل سرٹیفکیٹ ملازمین کی موجودگی بھی پائی گئی، جس پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔
اسی طرح ایک اور بڑے ہوٹل سے زائدالمیعاد روٹیاں، بنز، گوشت، جوس اور شربت پکڑے گئے۔ کچن میں خشرات کی بھرمار پر حفظانِ صحت کے اصولوں کی شدید خلاف ورزی پر کچن کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا۔
فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کا مقصد سیاحتی مقامات پر خوراک کے معیار کو یقینی بنانا اور عوام کو صحت بخش اشیائے خورد و نوش فراہم کرنا ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور مزید کارروائیاں جاری ہیں۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی واصف سعید نے انسپکشن ٹیم کی کارکردگی کو سراہا آور کہا کہ سیاحتی مقامات پر ہوٹلوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک فراہم کی جا سکے۔
وزیر خوراک خیبرپختونخوا ظاہر شاہ طورو نے کہا ہے کہ سیاحوں اور مقامی افراد کو معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے –
Comments are closed.