
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے برصغیر کے عظیم صوفی بزرگ حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیریؒ کی دربارِ اجمیر شریف کی پاکستان میں خلافت کے لیے ڈاکٹر افشاں ملک (شہر بانو) کی نامزدگی پر گزشتہ روز اسلام آباد کلب میں منعقدہ تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ازبکستان کے سفیر علی شیر قادروف، پاک کویت بزنس فورم کے چیئرمین حافظ محمد شبیر، سیاسی، سماجی، کاروباری، صحافتی اور سفارتی حلقوں کی نامور شخصیات نے شرکت کی۔


گورنر نے اس موقع پر ڈاکٹر افشاں ملک کو اس ذمہ داری کے لیے نامزد ہونے پر مبارکباد دی اور ان کی خدمات کو سراہا۔ فیصل کریم کنڈی نے اپنے خطاب میں کہا خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ برصغیر میں سب سے زیادہ قابل احترام روحانی مراکز میں سے ایک ہے، جہاں صرف مسلمان ہی نہیں، بلکہ ہندو، سکھ، عیسائی بھی حاضری دیتے ہیں۔ یہ درگاہ مذہبی ہم آہنگی، امن اور محبت کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں، جب بھارت میں مذہبی ہم آہنگی کو شدید خطرات لاحق ہیں، ایسے میں اجمیر شریف جیسے مقامات سچائی، رواداری اور مزاحمت کی علامت ہیں۔ تقریب سے ازبکستان کے سفیر علی شیر قادروف، پاک کویت بزنس فورم کے چیئرمین حافظ محمد شبیر، مسلم لیگ ق کے رہنما ڈاکٹر امجد، ایف پی سی سی آئی کے کریم عزیر ملک، انسانیت فاؤنڈیشن کی شائستہ حمید اور دیگر ممتاز شخصیات نے بھی خطاب کیا اور ڈاکٹر افشاں ملک کی خدمات کو سراہا۔#




