محسن نقوی کے صدر سے ذاتی تعلقات ہیں، ملاقات نہ صوبے کے لحاظ سے تھی نہ کسی اور چیز پر: ناصرشاہ

0

وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی صدر آصف زرداری سے ملاقات میں صوبے سے متعلق بات چیت کو قیاس آرائیاں قرار دے دیا۔

کراچی میں ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے تحت تین روزہ نمائش کا افتتاح صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کیا۔ ناصر حسین شاہ کی آباد نے کہا کہ آباد ہاؤس کی ایکسپو سے تعمیراتی شعبے اور ملحقہ صنعت کو فروغ ملے گا، چیئرمین بلاول اور وزیرِ اعلیٰ سندھ بزنس کمیونٹی سے تعاون کیلئےتیار رہتے ہیں۔

میڈیا سے بات چیت میں ناصر شاہ کا کہنا تھاکہ محسن نقوی کے صدر سے ذاتی تعلقات ہیں، ملاقات نہ صوبے کے لحاظ سے تھی نہ کسی اور چیز پر،صدر آصف زرداری اور محسن نقوی کے درمیان کچھ معاملات پر ضرور بات ہوئی ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ سندھ کی تقسیم کے حوالے سے پیپلز پارٹی کا مؤقف واضح ہے، صدرآصف زرداری اور بلاول بھٹو نے واضح کر دیا ہے کہ جو عوام کا فیصلہ ہو گا وہی سندھ کی تقدیر ہو گی۔

وزیر بلدیات کا کہنا تھاکہ ایم کیو ایم کو کبھی سنجیدہ نہیں لیا، اب تو ان کا کوئی سربراہ بھی نہیں ہے۔

ایک سوال کے جواب مِیں انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم ہو سکتا ہے لیکن اس کے بعد بھی طریقہ کار موجود ہے۔

دوسری جانب اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کا کہنا ہے جب عوام خود بول پڑیں تو اُن کے نمائندوں کے بولنے نہ بولنے سے فرق نہیں پڑتا، پیپلز پارٹی کہتی ہے سندھ میں اسٹیک ہولڈر وہ ہیں تصور کریں ریفرنڈم میں سندھ کے عوام خود بول پڑیں تو اُن کا نمائندہ کیا بولے گا؟

ان کا کہنا تھاکہ مضبوط بلدیاتی نظام کے بغیر نئے صوبوں کا قیام مشکل ہے، نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ عوامی رائے اور ریفرنڈم کے ذریعے ہونا چاہیے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز صدر آصف زرداری اور محسن نقوی کی ایک گھنٹہ طویل ملاقات میں سیاسی امور، ملکی حالات، سکیورٹی صورتِ حال اور نئے صوبوں کے حوالے سے بات چیت ہوئی تھی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.