سیانے کوے کی نئی صلاحیت نے سائنسدانوں کو دنگ کر دیا
ذہانت کی بات ہو تو صدیوں سے سائنسدان پرندوں کو احمق سمجھتے تھے مگر ایک پرندہ جو انہیں ہمیشہ سے حیران کرتا آرہا ہے وہ کوا ہے۔
درحقیقت جس کسی کو کبھی کوے کا سامنا ہوا ہے وہ جانتا ہے کہ یہ پرندہ کافی ذہین ہوتا ہے جب ہی تو اسے سیانا کوا بھی کہا جاتا ہے۔
گزشتہ چند برسوں کے دوران سائنس نے جانا ہے کہ کوے چیزیں بنانے، ذخیرہ کرنے اور ٹولز کی نگہداشت کی صلاحیت رکھتے ہیں اور وہ کھیلنا پسند کرتے ہیں۔
اب سائنسدانوں نے دریافت کیا ہے کہ یہ پرندہ انسانوں اور بندروں سے دوگنا زیادہ تیزی سے فیصلے کرسکتا ہے۔
جرمنی کی ٹوبنگن یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں اس پرندے پر کیے جانے والے تجربات میں دریافت ہوا کہ آنکھوں سے دیکھتے ہوئے کوے کو ایک فیصلہ کرنے میں محض 235 ملی سیکنڈ کا وقت لگتا ہے۔
درحقیقت وہ پرواز کے دوران پلک جھپکنے سے بھی کم وقت میں متحرک نقطوں کے گھومنے کے پیٹرن کا تعین کرکے اس کے مطابق ردعمل ظاہر کرتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق اس سے عندیہ ملتا ہے کہ کوؤں کا دماغ تفصیلات کا کیسے تجزیہ کرتے ہوئے اس کے مطابق فیصلے کرتا ہے۔
اس تحقیق کے دوران ایک ٹچ اسکرین میں حرکت کرنے والے نقطے کوؤں کو دکھائے گئے۔
پرندوں کو یہ تعین کرنا تھا کہ یہ نقطے بائیں جانب جائیں گے یا دائیں جانب، جس کے مطابق انہیں اسکرین کی ایک سائیڈ کی جانب چونچ کرکے جواب دینا تھا۔
محققین نے دریافت کیا کہ اس پرندے کی کارکردگی دنگ کر دینے والی تھی یہاں تک کہ کئی بار نقطوں کی حرکت کی سمت کا تعین کرنا مشکل تھا، مگر پھر بھی کوے درست سمت کا تعین کرنے میں کامیاب رہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ واضح ہوتا ہے کہ ایک سیکنڈ سے بھی کم وقت میں کوے آنکھوں کے سامنے موجود تفصیلات کا تجزیہ اور اس کے مطابق ردعمل ظاہر کرسکتے ہیں۔
محققین کو جس چیز نے زیادہ حیران کیا وہ یہ تھا کہ بظاہر کوے اسی طرح کے دماغی طریقہ کار کے مطابق فیصلے کرتے ہیں، جو انسانوں اور دیگر ممالیہ جانداروں میں نظر آتا ہے، حالانکہ ان پرندوں کا دماغ کافی مختلف ہوتا ہے۔
البتہ وہ ابھی تک اس کے پیچھے چھپے حیاتیاتی میکنزم کو شناخت نہیں کرسکے۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل سائنس میں شائع ہوئے۔
اس سے قبل مئی 2024 میں اسی یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ کوے ایک سے 4 تک بلند آواز میں گنتی بھی کر سکتے ہیں۔
جی ہاں واقعی یہ پرندہ نہ صرف گنتی کر سکتا ہے بلکہ اسکرین پر نمبروں کو دیکھ کر اس کے مطابق کاں کاں کر سکتا ہے۔
