کنٹونمنٹ بورڈز میں انتخابات کا معاملہ، الیکشن کمیشن کا تحریری حکم جاری

0

الیکشن کمیشن کے مطابق 42 کنٹونمنٹ بورڈز کی مدت 11 اپریل 2026 کو ختم ہو گئی تھی، قانون کے تحت 8 اگست تک نئے انتخابات کرانا لازم تھے، تاہم مقررہ وقت میں انتخابات نہیں ہو سکے۔

تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 11 جنوری 2026 کو حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کیا اور 20 اپریل کو حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست بھی شائع کر دی تھی۔

 

تاہم کنٹونمنٹ بورڈز میں انتخابات کے انعقاد کے لیے کنٹونمنٹ ایکٹ کی دفعہ 19 ڈی کے تحت وفاقی حکومت کی باضابطہ درخواست قانونی طور پر ضروری ہے۔

 

الیکشن کمیشن کے مطابق اس سلسلے میں وزارت دفاع کو 14 مئی، 26 مئی اور 16 جون کو خطوط لکھے گئے جب کہ چیف الیکشن کمشنر نے 16 جولائی کو وزیراعظم کو بھی ڈیمی آفیشل (ڈی او) خط ارسال کیا۔

 

وزارت دفاع اور ملٹری لینڈ اینڈ کنٹونمنٹس (ایم ایل اینڈ سی) کی جانب سے انتخابات کے لیے آمادگی ظاہر کی گئی ہے، تاہم معاملہ وزیراعظم آفس میں زیر التوا ہے۔

 

تحریری حکم کے مطابق 10 نومبر کو بریگیڈیئر ریٹائرڈ فلک ناز اور خلیل رانا الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے، وزارت دفاع نے مؤقف اختیار کیا کہ وفاقی حکومت کو باضابطہ درخواست بھجوا دی گئی ہے، تاہم وزیراعظم آفس کی جانب سے تاحال جواب موصول نہیں ہوا۔

 

الیکشن کمیشن نے وزیراعظم آفس کو دوبارہ خط لکھنے اور دو ہفتوں کے اندر جواب جمع کرانے کی ہدایت کر دی ہے۔

 

حکم میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر وزیراعظم آفس کی جانب سے جواب موصول نہ ہوا تو الیکشن کمیشن مناسب حکم جاری کرنے پر مجبور ہوگا، کیس کی مزید سماعت تین ہفتے بعد مقرر کر دی گئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.