بھارتی وزیراعلیٰ پنجاب نے پاکستان آمد کے لیے سکیورٹی کلیئرنس کی درخواست دیدی
بھارتی وزیراعلیٰ پنجاب بھگونت مان نے پاکستان آمد کے لیے سکیورٹی کلیئرنس کی درخواست دے دی، چوتھی انٹرنیشنل پنجابی کانفرنس میں ان کی شرکت کا امکان پیدا ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق چوتھی انٹرنیشنل پنجابی کانفرنس کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جس کے تحت بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان نے پاکستان آمد کے لیے سکیورٹی کلیئرنس کی درخواست دے دی۔
کانفرنس کے چیف آرگنائزر احمد رضا پنجابی کے مطابق سکیورٹی کلیئرنس ملنے کی صورت میں بھگونت مان ایک بڑے وفد کے ہمراہ پاکستان آئیں گے اور کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے کرتارپور راہداری کھولنا ایک مثبت اقدام ہے، جبکہ بھارتی حکومت کو بھی واہگہ اور اٹاری بارڈر کھولنے کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔
احمد رضا پنجابی کا کہنا تھا کہ واہگہ اور اٹاری بارڈر کھلنے سے دونوں جانب کے پنجابیوں کے ثقافتی روابط کو فروغ ملے گا اور محبت، امن اور بھائی چارے کا پیغام عام ہوگا۔ ان کے مطابق بھگونت مان کے ممکنہ دورۂ پاکستان سے ثقافتی روابط کے نئے امکانات پیدا ہو سکتے ہیں۔
دوسری جانب چوتھی انٹرنیشنل پنجابی کانفرنس کی تیاریوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ چیف آرگنائزر احمد رضا پنجابی نے رضاکاروں اور انتظامی ٹیم سے ملاقات کی، جس میں مختلف کالجوں اور جامعات کے طلبہ بھی رضاکارانہ خدمات کے لیے شریک ہوئے۔
