بلوچستان
ایف آئی اے کی بڑی کارروائی، انسانی اسمگلنگ میں ملوث سابق ریٹائرڈ ملازم گرفتار
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
کوئٹہ، 17 جنوری
ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کوئٹہ نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث سابق ریٹائرڈ ملازم محمد اسماعیل کو گرفتار کر لیا۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزم سوشل میڈیا کے ذریعے شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے کے جھانسے میں پھنسا کر بھاری رقوم وصول کرتا تھا۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزم نے ایک شہری کو آسٹریلیا بھجوانے کا جھانسہ دے کر مجموعی طور پر 55 لاکھ روپے وصول کیے اور بعد ازاں متاثرہ شخص کو جعلی آسٹریلوی ای ویزا فراہم کیا۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم ایک منظم نیٹ ورک کے تحت سرگرم تھا جو ویزا فراڈ اور مائیگرنٹ اسمگلنگ میں ملوث رہا۔
ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ اس کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مزید چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔



