شب معراج عظیم الشان روحانی اور ایمانی اہمیت کی حامل رات ہے، پاکستان میں امن و استحکام اور ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا شب معراج پر پیغام
اسلام آباد۔16جنوری :وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قوم سے اپیل کی ہے کہ شب معراج جو عظیم الشان روحانی اور ایمانی اہمیت کی حامل رات ہے، میں پاکستان میں امن و استحکام اور ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں۔ جمعہ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق شب معراج پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ وہ پاکستان اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو شب معراج کے بابرکت اور روح پرور موقع پر دل کی گہرائیوں سے اظہار تہنیت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی اس مبارک شب کی مذہبی اہمیت اور روحانی قدر و منزلت سے مسلمانوں کو مستفید ہونے کی سعادت عطا فرمائے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ شب معراج امت مسلمہ کے لیے عظیم الشان روحانی اور ایمانی اہمیت کی حامل رات ہے جس میں اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب حضرت محمد ? کو معراج کا شرف عطا فرمایا، یہ رات ہمیں ایمان کی مضبوطی، عبادت کی اہمیت، صبر، تقویٰ اور اللہ تعالیٰ سے قربت کا درس دیتی ہے، یہ شب مسلمانوں کے لئے ایمان میں ثابت قدمی، صبر و استقامت ، اللہ کی اطاعت اور بلند کردار کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ شب معراج ہمیں یہ پیغام دیتی ہے کہ نماز مومن کی معراج ہے اور اس کے ذریعے فرد اور معاشرہ اخلاقی، روحانی اور عملی طور پر مضبوط ہوتا ہے، ہمیں چاہیے کہ اس بابرکت رات سے سبق حاصل کرتے ہوئے اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالیں، باہمی رواداری، اخوت اور عدل و انصاف کو فروغ دیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ معراج کا واقعہ اس بات کی نشاندہی ہے کہ حق کی راہ میں آزمائشوں اور مشکلات کے بعد اللہ تعالیٰ کی نصرت ضرور پہنچتی ہے اور فتح اور کامیابی لازمی امر ہے، مشکلات کے تناظر میں اپنی صلاحیتوں کو بھرپور طور پر بروئے کار لاتے ہوئے توکل الٰہی کا یہ پیغام ہماری انفرادی تربیت، قومی طرز عمل اور اجتماعی زندگی میں بڑی کار آمد حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئیے ہم اللہ کے سامنے سر بسجود ہوکر اپنے وطن کے لیے خصوصی دعائیں کریں کہ اللہ پاکستان کو ہمیشہ کے لیے امن و استحکام اور ترقی و خوشحالی کا گہوارہ بنا دے اور ہماری قومی یکجہتی کو مضبوط تر کرتے ہوئے ملک و قوم کی فلاح و بہبود کے لئے ہماری کوششوں کو قبول فرمائے
Comments are closed.