سکرنڈ میں بے دردی سے قتل کیے گئے گیارہویں جماعت کے طالبعلم راہول جنڈاہوڑو کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے جنڈاہوڑو برادری اور متاثرہ خاندان کی جانب سے آل پارٹیز کانفرنس منعقد کی گئی

27

سکرنڈ (رپورٹ: راج کمار اوڈ) سکرنڈ میں بے دردی سے قتل کیے گئے گیارہویں جماعت کے طالبعلم راہول جنڈاہوڑو کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے جنڈاہوڑو برادری اور متاثرہ خاندان کی جانب سے آل پارٹیز کانفرنس منعقد کی گئی، جس کی میزبانی راہول کے والد بیجل جنڈاہوڑو، مکیش جنڈاہوڑو اور دیگر وارثین نے کی۔
کانفرنس میں سیاسی، سماجی، ادبی اور صحافتی تنظیموں کے رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جن میں ایس یو پی، ایس ٹی پی، جئے سندھ محاذ، جسقم، شہری اتحاد سکرنڈ، بھلائی کمیٹی، ہندو پنچایت، نیشنل پریس کلب، میڈیا سینٹر، سندھ پریس کلب سمیت دیگر شامل تھے۔اس موقع پر رہنماؤں حسین کیریو، ایوب کوسو، سانوَل کیریو، مسعود شاہ، ڈاکٹر پریم چند، رضا محمد چانڈیو، غلام قادر چانڈیو، قربان عمرا نی، نیاز چانڈیو اور دیگر نے خطاب کیا اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ 16 جنوری بروز جمعرات محراب پور روڈ سے سکرنڈ تھانے تک پرامن احتجاجی مارچ اور دھرنا دیا جائے گا۔
وارثین اور رہنماؤں نے سکرنڈ پولیس پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ راہول کی گمشدگی سے لے کر قتل تک پولیس نے مجرمانہ غفلت برتی، جبکہ مسلسل احتجاج کے باوجود قاتلوں کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ انہوں نے یہ الزام بھی لگایا کہ پولیس نے پوسٹ مارٹم رپورٹ میں تبدیلی کرا کر واقعے کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی ہے۔

Comments are closed.