اے این ایف کی ملک گیر کارروائیاں، 259 کلوگرام منشیات برآمد، 5 ملزمان گرفتار
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد: انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف نو کارروائیاں کرتے ہوئے 258.94 کلوگرام
منشیات برآمد کر لیں، جن کی مالیت 24 کروڑ 48 لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔ کارروائیوں کے دوران پانچ ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق ملتان میں ساہو چوک کے قریب ایک ملزم کے بیگ سے دو کلوگرام آئس برآمد ہوئی، جس نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔ لاہور میں مختلف کوریئر دفاتر اور علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے کارگو شیڈ سے ریاض، دبئی اور برطانیہ بھیجے جانے والے پارسلز سے آئس اور والیم گولیاں برآمد کی گئیں۔
مزید کارروائیوں کے دوران پشاور، کوہاٹ، اسلام آباد اور کوئٹہ میں بھاری مقدار میں افیون، چرس اور ہیروئن ضبط کی گئی، جن میں کوئٹہ کے قریب ویسٹرن بائی پاس ہزار گنجی سے 198 کلوگرام ہیروئن کی برآمدگی بھی شامل ہے۔ تمام مقدمات انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
Comments are closed.