اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے خیبرپختونخوا کے اضلاع شمالی وزیرستان اور کرم میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کی گئی کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد، 10 جنوری 2026
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے خیبرپختونخوا کے اضلاع شمالی وزیرستان اور کرم میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کی گئی کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 11 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنا سیکیورٹی فورسز کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور مؤثر حکمتِ عملی کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ قوم دہشت گردی کے ناسور کے خلاف اپنی بہادر فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بے گناہ شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنانے والے عناصر کے لیے پاکستان میں کوئی جگہ نہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے اور قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن “عزمِ استحکام” کے تحت جاری کارروائیاں قابلِ ستائش ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پوری قوم متحد ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کارروائیاں ملک میں امن و استحکام کے قیام کی روشن مثال ہیں۔
Comments are closed.