گلگت بلتستان میں ای پروکیورمنٹ کا نفاذ، پیپرا اور جی بی پیپرا کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط
اسلام آباد | 8 جنوری 2026
گلگت بلتستان میں شفاف، مؤثر اور ڈیجیٹل سرکاری خریداری کے نظام کے نفاذ کی جانب اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ وفاقی پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی اور گلگت بلتستان پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے درمیان ای پروکیورمنٹ پلیٹ فارم ای پیڈز (EPADS) کے نفاذ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے۔
مفاہمتی یادداشت پر پیپرا کے پراجیکٹ ڈائریکٹر ای پیڈز شیخ افضال رضا اور گلگت بلتستان پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر و سیکریٹری خزانہ نجیب عالم نے دستخط کیے۔ تقریب میں پیپرا کے منیجنگ ڈائریکٹر حسنات احمد قریشی اور چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر حسنات احمد قریشی نے کہا کہ ای پیڈز کا ملک بھر میں نفاذ وزیرِاعظم پاکستان کے اکنامک گورننس ریفارمز پروگرام اور ڈیجیٹل پاکستان وژن کا حصہ ہے، جس کا مقصد سرکاری خریداری میں شفافیت، مسابقت اور احتساب کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے گلگت بلتستان کو مکمل تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے ای پیڈز کے نفاذ کو پبلک پروکیورمنٹ اصلاحات کی جانب اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ڈیجیٹل نظام سے خریداری کے تمام مراحل جدید اور شفاف بنائے جا سکیں گے۔
ایم او یو کے تحت ابتدائی مرحلے میں گلگت بلتستان کے مختلف سرکاری اداروں کے افسران اور متعلقہ ٹیموں کو جامع تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ نظام کا مؤثر اور پائیدار نفاذ یقینی بنایا جا سکے۔
یہ اقدام گلگت بلتستان میں گڈ گورننس، شفاف طرزِ حکمرانی اور عوامی وسائل کے بہتر استعمال کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
Comments are closed.