وفاقی وزیر تخفیفِ غربت کا نِرم کا دورہ، پاکستان بیت المال کے تحت طبی معاونت کا جائزہ

24

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد، 08 جنوری 2026:
وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ری ہیبلیٹیشن میڈیسن (نِرم) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاکستان بیت المال کے تحت مستحق مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی مالی معاونت اور بحالیاتی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے موقع پر نِرم کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر شائستہ حبیب اللہ نے وفاقی وزیر کا استقبال کیا اور ادارے کی مجموعی کارکردگی، سہولیات اور پاکستان بیت المال کے انفرادی مالی معاونت پروگرام پر بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر نے نِرم کے مختلف شعبہ جات اور پروس تھیٹک لیبارٹری کا بھی معائنہ کیا، جہاں مصنوعی اعضاء، آرتھوپس، سماعتی آلات اور دیگر معاون آلات کی تیاری اور فراہمی کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا کہ 2022 سے نومبر 2025 تک نِرم میں 2,267 مستحق مریضوں کو پاکستان بیت المال کے ذریعے علاج اور بحالی کی سہولت فراہم کی گئی، جس پر تقریباً 278 ملین روپے خرچ کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مالی معاونت کی حد ایک ملین سے بڑھا کر ڈیڑھ ملین روپے کر دی ہے، جبکہ رواں مالی سال کے لیے میڈیکل فنانشل اسسٹنس کا بجٹ بڑھا کر تقریباً 280 ملین روپے کر دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ مالی معاونت کی فراہمی شفاف طریقۂ کار، کیس ویریفکیشن اور طبی تشخیص کے بعد یقینی بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے نِرم میں پاکستان بیت المال کے فیسلیٹیشن ڈیسک، آن لائن کیس ٹریکنگ اور کمپیوٹرائزڈ نظام کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ میڈیکل اسسٹنس کے تمام کیسز ایک ماہ کے اندر نمٹائے جائیں، جبکہ ہنگامی کیسز کے لیے فاسٹ ٹریک نظام فعال رکھا جائے۔
آخر میں انہوں نے نِرم کی انتظامیہ، طبی عملے اور پاکستان بیت المال کی ٹیم کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت سماجی تحفظ اور صحت کے شعبے میں اصلاحات کے لیے سنجیدہ اور پُرعزم ہے۔

Comments are closed.