فتنہ، انتہاپسندی اور مذہب کے نام پر فساد ناقابلِ قبول ہے: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف

20

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
لاہور، 08 جنوری 2026:
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے واضح کیا ہے کہ ریاست ملکی سلامتی کے ساتھ کسی قسم کے کھلواڑ اور مذہب کے نام پر کسی فتنے کو پنپنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی، برداشت اور باہمی احترام ہی ایک پُرامن، مستحکم اور قابلِ تقلید معاشرے کی بنیاد ہیں۔
وزیراعلیٰ اعزازیہ کارڈ برائے امام صاحب منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ آئمہ کرام معاشرے کے ستون اور دین کے حقیقی علمبردار ہیں اور ان کی خدمت کو وہ اپنے لیے اعزاز سمجھتی ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ آج بھی کئی مساجد کے آئمہ محض چندے پر گزارا کرنے پر مجبور ہیں، جو نہایت تکلیف دہ امر ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت نے آئمہ کرام کے لیے اعزازیہ 15 ہزار روپے مقرر کرنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم نواز شریف کی ہدایت پر اسے کم از کم 25 ہزار روپے کر دیا گیا۔ اس ماہ ادائیگی پے آرڈر کے ذریعے جبکہ آئندہ ماہ سے اعزازیہ کارڈ کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگی کی جائے گی تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اسلام اقلیتوں کے مکمل تحفظ کی ضمانت دیتا ہے اور مذہب کے نام پر نفرت، تشدد اور تقسیم پھیلانا اسلامی تعلیمات کی صریح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور عوام کی زندگی مفلوج کرنے والے عناصر کو فتنہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاست ظالم کو کٹہرے میں لا کر مظلوم کو انصاف فراہم کرے گی۔
انہوں نے علما کرام پر زور دیا کہ وہ معاشرتی اصلاح، امن کے فروغ اور مذہبی منافرت کے خاتمے میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں، کیونکہ حکومت ہر جگہ نہیں پہنچ سکتی مگر امام مسجد کی آواز ہر جگہ سنی جاتی ہے۔

Comments are closed.