پشاور: خیبر پختونخوا میں ملٹری آپریشن مسائل کا حل نہیں، امن کے لیے جامع پالیسی ناگزیر ہے، وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی

18

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
پشاور – وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے صوبائی کابینہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں اور ہر مکتبہ فکر کے نمائندوں پر مشتمل گرینڈ امن جرگہ منعقد کیا گیا، جس میں متفقہ طور پر پندرہ نکاتی ایجنڈے کی منظوری دی گئی۔
وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ امن جرگے کے متفقہ ایجنڈے میں یہ بات دوٹوک انداز میں شامل ہے کہ ملٹری آپریشن کسی بھی مسئلے کا حل نہیں، اور خیبر پختونخوا حکومت کا بھی یہی واضح اور اصولی موقف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بند کمروں میں کیے گئے فیصلے صوبے پر مسلط کیے گئے تو اس سے تمام اسٹیک ہولڈرز میں شدید تشویش پیدا ہوگی۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ نہ کوئی فرد اور نہ ہی کوئی ادارہ زور زبردستی صوبے پر فیصلے مسلط کر سکتا ہے، کیونکہ ایسے فیصلوں کے نتائج وہ نہیں ہوں گے جو فیصلہ کرنے والے چاہتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ امن خیبر پختونخوا ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی مشترکہ ضرورت ہے، جس کے لیے تمام اداروں، سیاسی و مذہبی جماعتوں اور قبائلی مشران پر مشتمل جامع اور ہمہ گیر پالیسی ناگزیر ہے۔ وزیر اعلیٰ نے دوٹوک اعلان کیا کہ صوبائی حکومت کسی بھی ملٹری آپریشن کی اجازت نہیں دے گی۔

Comments are closed.