عالمی یومِ بریل: صدر آصف علی زرداری کا بینائی سے محروم افراد کے حقوق کے تحفظ کے عزم کا اعادہ
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد، 4 جنوری 2026:
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے عالمی یومِ بریل کے موقع پر بینائی سے محروم افراد کے وقار، حقوق اور قومی زندگی میں مکمل شمولیت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
صدرِ مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ عالمی یومِ بریل، لوئس بریل کی یومِ پیدائش کی یاد دلاتا ہے، جن کی ایجاد نے دنیا بھر میں لاکھوں افراد کے لیے تعلیم، معلومات اور خودانحصاری کی راہیں ہموار کیں۔ ان کے مطابق بریل محض پڑھنے لکھنے کا ذریعہ نہیں بلکہ آزادی، اعتماد اور مساوی مواقع کی علامت ہے۔
صدر زرداری نے کہا کہ قابلِ رسائی تعلیم، جامع عوامی خدمات اور مساوی مواقع کی فراہمی پاکستان کی آئینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بریل خواندگی، جامع نصاب اور معاون و ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔
صدرِ مملکت نے عوامی عمارتوں، سرکاری خدمات اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز میں قابلِ رسائی معیارات کے نفاذ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایک باوقار اور شمولیتی معاشرہ ہی حقیقی ترقی کی ضمانت ہے۔
Comments are closed.