برزل ٹاپ کے قریب برفانی تودہ گرنے سے پاک فوج کا افسر، جوان اور سول ملازم شہید

21

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
استور | جنوری 2026
گلگت بلتستان کے ضلع استور کے سرحدی علاقے برزل ٹاپ کے قریب افسوسناک واقعے میں پاک فوج کے ایک افسر، ایک جوان اور محکمہ تعمیرات کے ایک سول ملازم برفانی تودے تلے دب کر شہید ہو گئے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق برزل ٹاپ سے منی مرگ ہیڈ کوارٹر کو ملانے والی اسٹریٹجک سڑک پر برف ہٹانے اور روڈ بحالی کا کام جاری تھا۔ رات کے وقت گلتری موڑ کے قریب اچانک شدید برفانی تودہ گرا، جس نے وہاں موجود عملے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
شہداء میں پاکستان آرمی کے ایک افسر، ایک جوان اور سنو کٹر آپریٹر محمد عیسیٰ خان شامل ہیں، جو محکمہ تعمیرات سے وابستہ تھے۔ خراب موسم، شدید سردی اور دشوار گزار حالات کے باعث فوری امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آئیں، تاہم ریسکیو ٹیموں نے بھرپور کوششوں کے بعد لاشوں کو برف سے نکال لیا۔
واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی، جبکہ مقامی انتظامیہ، عوامی حلقوں اور عسکری قیادت کی جانب سے شہداء کے اہلِ خانہ سے گہرے رنج و غم اور تعزیت کا اظہار کیا گیا۔ شہداء کو مشکل ترین حالات میں قومی فریضہ انجام دیتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کرنے پر خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
حکام نے برفانی علاقوں میں موسمِ سرما کے دوران حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے، تاکہ مستقبل میں ایسے المناک واقعات سے بچا جا سکے۔

Comments are closed.