وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ کا ساہیوال میں کچا نور شاہ روڈ کا سنگِ بنیاد — 49 کروڑ روپے سے زائد کی لاگت سے منصوبہ جون 2026 تک مکمل ہوگا

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد/ساہیوال، 16 نومبر 2025: وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے ساہیوال میں کچا نور شاہ روڈ کی تعمیر کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔ 2.88 کلومیٹر طویل اس منصوبے کے لیے 49 کروڑ 4 لاکھ روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے، جبکہ دو رویہ سڑک کی تعمیر جون 2026 تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی فلاح، بہبود اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائد میاں محمد نواز شریف کے دورِ حکومت میں ملک بھر میں موٹر ویز اور سڑکوں کا وسیع جال بچھایا گیا جس کا مقصد شہریوں کو محفوظ، بہتر اور آرام دہ سفر کی سہولت فراہم کرنا تھا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی قیادت میں عوامی خدمت کا سلسلہ جاری ہے، اور کچا نور شاہ روڈ کی تعمیر اسی سفر کا تسلسل ہے، جو شہریوں کو با آسانی آمدورفت کے قابل بنانے اور روزمرہ مشکلات کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

منصوبے کے حوالے سے اہلِ علاقہ نے بھی اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ شہریوں نے کہا کہ یہ سڑک ان کے روزمرہ سفر کو سہل اور زندگی میں نمایاں بہتری لائے گی۔

Comments are closed.