نصیرآباد میں ڈاکو راج برقرار، پولیس کی مبینہ غفلت پر علاقہ مکین برہم — تنیو برادری نے خود پیچھا کرکے ٹریکٹر اور ایک ملزم گرفتار کرلیا
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
نصیرآباد، 16 نومبر 2025: نصیرآباد میں جرائم پیشہ عناصر کے بڑھتے ہوئے وار ایک بار پھر نمایاں ہوگئے، جب رات قریب 11 بجے مسلح افراد نے ٹریکٹر ڈرائیور غوث بخش تنیو کو اسلحے کے زور پر یرغمال بناکر ہاتھ پاؤں باندھ دیے اور اس کا ٹریکٹر چھین کر فرار ہوگئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی تنیو برادری اور اہلِ علاقہ نے خود ڈاکوؤں کا پیچھا کیا اور کنری کے مقام پر ٹریکٹر برآمد کرتے ہوئے ایک مسلح ملزم کو بھی پکڑ لیا۔
اہلِ علاقہ نے الزام عائد کیا کہ بارہا اطلاع دینے کے باوجود صدر پولیس اور چھتر پولیس موقع پر نہ پہنچ سکیں، جبکہ نصیرآباد پولیس کی مبینہ نااہلی کے باعث 12 گھنٹے گزرنے پر بھی کوئی بروقت کارروائی نہ ہوسکی۔
علاقہ مکینوں کے مطابق ڈاکوؤں کے گروہ نے تنیو برادری پر فائرنگ بھی کی اور اپنے ساتھی کو چھڑانے کے ساتھ ٹریکٹر دوبارہ چھیننے کی کوشش میں مصروف رہے، تاہم پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔
تنیو برادری اور اہلِ علاقہ نے ڈی آئی جی نصیرآباد، آئی جی پولیس بلوچستان اور دیگر حکامِ بالا سے فوری نوٹس لینے، پولیس کی غفلت پر کارروائی اور علاقے میں قانون نافذ کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

