پاکستانتازہ ترین

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کا گلگت بلتستان میں 24واں آغوش آرفن سنٹر قائم

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

 راولپنڈی (خصوصی رپورٹ):

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے گلگت بلتستان میں 24ویں آغوش آرفن ہوم کا افتتاح کردیا۔ 6 کنال رقبے پر قائم اس آغوش ہوم میں 200 یتیم بچوں کی رہائش کی گنجائش موجود ہے، جبکہ پہلے مرحلے میں 50 بچوں کی کفالت کا آغاز کیا جائے گا۔

افتتاحی تقریب میں امیر جماعت اسلامی گلگت بلتستان مولانا تنویر حیدری، صدر الخدمت گلگت بلتستان فرید اللہ خان، ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 عظیم اللہ خان، سیکرٹری سوشل ویلفیئر عارف اللہ خان سمیت سیاسی و سماجی شعبوں سے وابستہ متعدد اہم شخصیات، تنظیمی ذمہ داران اور آرفن بچے بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔

صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آغوش ہومز کا مقصد یتیم بچوں کو تعلیم، صحت، رہائش، اخلاقی تربیت اور خود اعتمادی فراہم کرنا ہے تاکہ وہ مستقبل میں پاکستان اور انسانیت کے لیے کارآمد شہری بن سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ 2005 کے زلزلے کے بعد اٹک میں پہلا آغوش ہوم قائم کیا گیا تھا، جس کے بعد یہ سلسلہ پورے ملک میں پھیل گیا۔ “آج پاکستان بھر میں 23 آغوش ہومز فعال ہیں، اور گلگت بلتستان کے لیے 24واں سنٹر قائم کردیا گیا ہے۔”

ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت 46 لاکھ سے زائد یتیم بچے موجود ہیں، جن میں سے نصف بنیادی ضروریات زندگی سے محروم ہیں۔ “ہم نے ابتدا میں 5 ہزار بچوں کی کفالت کا منصوبہ بنایا تھا، لیکن اللہ کے فضل اور اہل خیر کے تعاون سے آج 34 ہزار سے زائد یتیم بچوں کی کفالت کی جارہی ہے۔”

بعد ازاں صدر الخدمت نے گلگت بلتستان کے اضلاع اسکردو، گانچھے اور شگر کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں مختلف جاری فلاحی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے الخدمت ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے فلاحی منصوبوں میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کی۔

پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے نئے قائم شدہ آغوش سنٹر کا تفصیلی دورہ کیا اور باہمت آرفن بچوں سے ملاقات بھی کی۔

Related Articles

Back to top button