وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا دیر لوئر کا دورہ — 40.8 میگاواٹ کوٹو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور تورمنگ رازگرام روڈ کا افتتاح

16

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

پشاور/ دیر لوئر — 15 نومبر:
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ہفتہ کے روز ضلع دیر لوئر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے 40.8 میگاواٹ کوٹو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا افتتاح کیا۔ یہ منصوبہ 21.7 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوا ہے اور بریفنگ کے مطابق منصوبہ سالانہ 207 ملین یونٹس بجلی پیدا کرے گا، جس سے 2.4 ارب روپے کی آمدن متوقع ہے۔

وزیر اعلیٰ نے 1.5 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والی 18.5 کلومیٹر طویل تورمنگ–رازگرام روڈ کا بھی افتتاح کیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبائی حکومت پن بجلی کے وسائل کو معاشی ترقی کی بنیاد بنانے کے لیے طویل المدتی حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے۔ سستی اور ماحول دوست توانائی کے یہ منصوبے روزگار کے فروغ اور صنعتی ترقی میں بنیادی کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے کی 120 کلومیٹر طویل پہلی پاور ٹرانسمشن لائن بھی منصوبہ بندی کے آخری مراحل میں ہے، جو مقامی سطح پر تیار ہونے والی بجلی کو 11 ہائیڈرو پاور اسٹیشنز سے صنعتوں تک منتقل کرے گی۔ وزیر اعلیٰ کے مطابق مقامی پاور ہاؤسز سے تیار کردہ بجلی صنعتوں کو رعایتی نرخوں پر فراہم کی جائے گی کیونکہ صنعتی شعبہ ہی بے روزگاری کے خاتمے کا بنیادی ذریعہ ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبائی حکومت اپنے پاور ڈسٹری بیوشن سسٹم کے قیام کے لیے مکمل سپورٹ فراہم کرے گی کیونکہ صوبے کے قدرتی وسائل پر سب سے پہلا حق یہاں کے عوام کا ہے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ خیبر پختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے غیر ملکی انجینیئرز کو این او سی کی تاخیر کے باعث صوبے کا دورہ کرنے کی اجازت نہیں مل رہی، جس سے اربوں روپے مالیت کے منصوبے تاخیر کا شکار ہیں۔ “یہ نقصان صرف خیبر پختونخوا کا نہیں، بلکہ پورے ملک کا نقصان ہے”، وزیر اعلیٰ نے کہا۔

سابق وزیر اعظم عمران خان کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا:
“عمران خان کے دل میں عوام کا حقیقی درد ہے۔ ان کے شروع کردہ منصوبے دیکھ کر فخر محسوس ہوتا ہے کیونکہ انہوں نے یہ منصوبے صرف عوام کی بہتری کے لیے شروع کیے، یہ سوچے بغیر کہ ان کا افتتاح کون کرے گا۔”

وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ وفاق کے ذمے خیبر پختونخوا کے 3 ہزار ارب روپے واجب الادا ہیں، جو سالوں سے ادا نہیں کیے جا رہے۔

تقریب میں پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر اور دیر لوئر سے منتخب اراکین اسمبلی بھی شریک تھے۔

Comments are closed.