پاکستان گرین اینڈ ریزیلینٹ بلڈنگ کانفرنس 2025 اختتام پذیر — پائیدار تعمیرات کی سمت اہم پیش رفت

16

🇵🇰 عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

کراچی، 9 نومبر 2025: تین روزہ پاکستان گرین اینڈ ریزیلینٹ بلڈنگ کانفرنس 2025 کراچی میں اختتام پذیر ہوگئی، جس نے ملک میں پائیدار، توانائی مؤثر اور ماحول دوست تعمیراتی طرزِ عمل کے فروغ میں ایک اہم سنگِ میل قائم کیا۔

کانفرنس میں وفاقی و صوبائی محکموں، نجی شعبے، مالیاتی اداروں اور بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں کے نمائندگان نے شرکت کی اور گرین تعمیرات کے فروغ کے لیے عملی حکمتِ عملیاں تیار کیں۔

وزارتِ ماحولیاتی تبدیلی و ہم آہنگی کی سیکرٹری عائشہ مورانی نے اپنے خطاب میں حکومت کے اہم اقدامات جیسے پاکستان گرین بلڈنگ کوڈ 2023، گرین ٹیکسونومی اور کلائمٹ رسک اسکریننگ گائیڈ لائنز 2024 پر روشنی ڈالی، جنہیں پائیدار ترقی کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا۔

تقریب میں ایج سرٹیفیکیشن ایوارڈز کے تحت آٹھ اداروں کو ماحول دوست تعمیرات میں نمایاں کارکردگی پر اعزازات دیے گئے جن میں او جی ڈی سی، زمین ڈیولپمنٹ، الائیڈ بینک، صفیہ ہومز، ماڈیولس گرین ہومز، ایچ بی ایل مائیکروفنانس بینک، سرینا ہوٹلز اور حبیب یونیورسٹی شامل تھے۔

ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی مظمل حسین حالیپوٹو نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور اس موقع پر کہا کہ حکومتِ سندھ تعمیراتی قوانین میں ماحول دوست اصولوں کو شامل کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ “پائیدار تعمیرات نہ صرف ماحولیاتی خطرات کو کم کریں گی بلکہ شہری ترقی کی بنیادوں کو بھی مضبوط بنائیں گی۔”

کانفرنس کے دوران وزارتِ ماحولیاتی تبدیلی، نیکا (NEECA)، اور ورلڈ بینک کے نمائندگان نے گرین فنانسنگ، پالیسی عمل درآمد، اور پائیدار تعمیرات کے فروغ پر مباحثہ کیا۔

اختتامی روز گرین بلڈنگ انسینٹیوز پر ایک اعلیٰ سطحی گول میز اجلاس منعقد ہوا، جب کہ آئی ایف سی کے بلڈنگ ریزیلینس انڈیکس (BRI) پر تربیتی ورکشاپس میں ماہرین کو موسمیاتی خطرات کے تجزیے اور عمارتوں کی پائیداری بڑھانے کی عملی تربیت دی گئی۔

Comments are closed.