سندھ میں ڈینگی کے 727 نئے کیسز رپورٹ، مثبت شرح میں کمی — محکمہ صحت

16

 عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

کراچی، 9 نومبر 2025: محکمہ صحت سندھ نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں بتایا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں 3,278 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 727 کیسز مثبت آئے ہیں، جبکہ مجموعی طور پر ڈینگی کی شرح میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق کراچی ڈویژن میں 1,919 ٹیسٹوں میں سے 269 مثبت آئے، جبکہ حیدرآباد ڈویژن میں 1,359 ٹیسٹوں میں 458 مثبت رپورٹ ہوئے۔

سیکرٹری صحت سندھ ریحن بلوچ کے مطابق صوبے میں ڈینگی کیسز کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے جو انسدادِ ڈینگی اقدامات کی کامیابی کا ثبوت ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں 175 مریضوں کو اسپتالوں میں داخل کیا گیا، جن میں 103 سرکاری اور 72 نجی اسپتالوں کے مریض شامل ہیں۔ اسی دوران 150 مریض صحت یاب ہو کر اسپتالوں سے فارغ ہوئے، جبکہ ایک ڈینگی سے متعلق موت رپورٹ ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق نومبر کے دوران مجموعی کیسز کی تعداد 6,708 تک پہنچ گئی ہے، اور سال 2025 کے دوران اب تک 12,284 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ اس وقت 271 مریض سرکاری اور 171 نجی اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کے لیے 987 بستروں کا انتظام کیا گیا ہے، جبکہ نجی اسپتالوں نے 443 بستر مختص کیے ہیں۔

محکمہ صحت سندھ کے ڈینگی سرویلنس نیٹ ورک کو کراچی کی 16 اور حیدرآباد کی 18 لیبارٹریوں سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹیں موصول ہو رہی ہیں۔

Comments are closed.